راجا ارشاد احمد
گاندربل //گاندربل کے مضافاتی علاقہ بونہ زل میں اتوار کی شام ایک المناک واقعہ میںاراضی تنازعہ پر دو ہمسایوں کے درمیان لڑائی میں 65 سالہ شہری کی موت واقعہ ہوئی۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ اتوار کی شام متنازعہ اراضی پر دو ہمسایوں کے درمیان بحث و تکرار ہوئی جو پھرہاتھاپائی پر پہنچ گئی جس دوران 65 سالہ غلام محمد شیخ ولد امبر شیخ جو محکمہ اری گیشن کا سبکدوش ملازم تھا ،شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر پبلک ہیلتھ سینٹر وسن گاندربل منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔اس بارے میں پبلک ہیلتھ سینٹر وسن میں ڈیوٹی پر تعینات ڈاکٹر گلزار نے کہا کہ زخمی کو5بجکر 45 منٹ پر جب ہسپتال لایا گیا تو اس کی موت واقع ہوچکی تھی۔انہوں نے کہا کہ اس کے جسم پر زخموں کے نشان نہیں تھے البتہ موت کی وجہ پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد ہی معلوم ہوگی۔ پولیس نے بتایا کہ معاملے کی نسبت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔