ادہم پور میں 2نوجوانوں کا تعاقب||گاڑی کی ٹکر سے کرناہ کا نوجوان لقمہ اجل، ساتھی گرفتار ۔250گرام ہیروئن اور قریب 2کروڑ روپے نقدی بر آمد

نیوز ڈیسک

جموں// ادہم پور میں پولیس کی جانب سے تعاقب کے دوران کرناہ کا ایک نوجوان گاڑی کی ٹکر سے شدید زخمی ہوکر لقمہ اجل بن گیا جبکہ اسکے ساتھی کو ہیروئن اور ایک کروڑ سے زیادہ کی نقدی کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے جمعرات کو بتایا کہ بدھ کے روز پولیس تھانہ ادھم پور کی گشتی پارٹی جو گول میلہ پٹرول پمپ کے قریب ڈیوٹی پر تھی ،نے دو افراد کو مشکوک انداز میں دیکھا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس پارٹی کو دیکھ کر دونوں افراد مین روڈ کی طرف بھاگے اور بھاگتے ہوئے ایک شخص کو نامعلوم گاڑی نے ٹکر مار دی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔

 

بیان میں کہا گیا کہ ڈیوٹی پر موجود پولیس پارٹی نے زخمی شخص کو فوری طور پر ضلع اسپتال منتقل کیا جہاں سے اسے جی ایم سی جموں ریفر کیا گیا اور علاج کے دوران وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔متوفی کی شناخت مختیار احمد ولد خلیل الرحمان ساکن پراڈا ٹنگڈارکپواڑہ کے طور پرہوئی ہے۔ اس کے دوسرے ساتھی جگتار سنگھ ولد جرنیل سنگھ ساکن پنجاب کو فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا اور اس کی گاڑی کی مکمل تلاشی لینے کے بعد تقریباً 250 گرام ہیروئن اور ایک کروڑ 91لاکھ34ہزار سے زائد کی نقدی بھی برآمد ہوئی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔”ابتدائی تفتیش سے پتہ چلتا ہے کہ دونوں افراد منشیات کے کاروبار میں ملوث تھے۔ تاہم، کیس کی تفصیلی تفتیش جاری ہے‘‘ ۔