محمد تسکین
بانہال// ضلع ادہم پور میں جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع کھیری، لمبر موڑ کے قریب اوپر پہاڑی سے گر آنے والی بھاری چٹانوں کی وجہ سے فورلین شاہراہ کی ایک ٹیوب کئی گھنٹوں تک بند رہنے کے بعد دوبارہ بحال کی گئی۔ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شاہراہ پر واقع ادہم پور کے کھیری ، لمبر موڑ کے مقام اوپر پہاڑ سے بھاری چٹانوں گرنے کی وجہ سے شاہراہ کی ایک ٹیوب پر چند گھنٹوں ٹریفک متاثر رہا اور اس دوران ٹریفک کا رخ دوسری ٹیوب ٹیوب کی طرف موڑ دیا گیا اور جموں سے وادی کشمیر جانے والے ٹریفک کو سڑک کی بحالی پر اسی سڑک سے نکالا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ اور بڑے بڑے بولڈروں کی وجہ سے ایک ٹیوب مکمل طور بند ہوگئی تھی اور کئی گھنٹوں کے بعد اسے صاف کرکے قابل آمدورفت بنایا گیا ۔انہوں نے کہا کہ اس دوران شاہراہ پر ہفتے کے روز جموں سےامرناتھ یاترا میں کوئی بھی گاڑی وادی کشمیر کی طرف بھیجی نہیں گئی کیونکہ ہفتے کیلئے پوتر گھپا کے درشن پر جانے والے کسی یاتری نے رجسٹریشن نہیں کی تھی۔ انہوں نے کہا تاہم اس دوران پہلگام اور بالتل کے راستے امرناتھ کی پوتر گھپا کے درشن کے بعد واپس آرہے یاترا گاڑیوں نے دوپہر بعد ضلع رام بن کو پار کرکے جموں کے میدانی علاقوں کی راہ کی تھی۔ ٹریفک پولیس نے بتایا کہ اس دوران شاہراہ پر مسافر بردار ٹریفک نے دونوں طرف کے سفر میں منزلوں کا رخ کیا تاہم ٹرکوں اور خالی ٹینکروں کو جموں کی طرف جانے کی اجازت تھی ۔