ادھم پور اور رام بن اضلاع میں اہم پروجیکٹوںکا معائنہ | قومی شاہراہ پر ٹنلوں کی تعمیر چیف سیکریٹری کو تکمیل کے کام سے آگاہ کیا گیا

عظمیٰ نیوز سروس

رام بن// چیف سکریٹری اٹل ڈولو نے جموں سرینگر قومی شاہراہ کی سڑک کی حالت کا موقع پر جائزہ لینے کے علاوہ ادھم پور اور رام بن کے جڑواں اضلاع میں کچھ مشہور پروجیکٹوںکا دورہ کیا۔رام بن میں چیف سکریٹری نے قومی شاہراہ44 پر تعمیر کی رفتار اور پیش رفت کا جائزہ لیا اور ضلع میں نافذ العمل دیگر اہم بنیادی ڈھانچے کا جائزہ لیا۔ڈولو نے چندرکوٹ میں ایک اہم میٹنگ کی، جہاں سینئر افسران بشمول صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار، ڈی آئی جی، ڈی کے آر رینج، ڈاکٹر سنیل گپتا، ڈپٹی کمشنر رام بن بصیر الحق چودھری، ایس ایس پی رام بن، موہت شرما، ایس ایس پی ٹریفک روہت باسکوترا اوردیگر سیکٹرل افسران کے علاوہ اہم پروجیکٹ ڈائریکٹروں نے میٹنگ میں شرکت کی۔میٹنگ کے بعد چیف سکریٹری نے قومی شاہراہ پر چیلنج کرنے والے مقامات جیسے دلواس اور رام بن علاقے میں دیگر مقامات کا معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر رام بن بصیر الحق چودھری نے ناشری نویگ ٹنل کے درمیان 66 کلومیٹر طویل حصے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے قومی شاہراہ کی حالت کے بارے میں تفصیلی جانکاری فراہم کی۔ چیف سکریٹری کو مختلف سرنگوں کی تکمیل کی تاریخوں سے آگاہ کیا گیا اور ضلع انتظامیہ کی طرف سے NHAI کو فراہم کئے گئے تعاون کے بارے میں اپ ڈیٹ حاصل کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر رام بن نے ضلع میں ریلوے لائن کی جلد تکمیل پر بھی روشنی ڈالی اور چیف سکریٹری کو سولا کوٹ ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کے بارے میں آگاہ کیا، جو کہ اس وقت ماحولیاتی اثرات کی تشخیص سے گزر رہا ہے۔چیف سکریٹری کو رام بن ضلع میں بچیوں کی تعلیم کو بڑھانے کی کوششوں کے بارے میں بتایا گیا۔ جاری وکشت بھارت سنکلپ یاترا، نوجوانوں اور خواتین کی شرکت کے بارے میں بھی افسر موصوف کو بتایاگیا۔ انہیں یقین دلایا گیا کہ ضلع انتظامیہ رام بن کی ٹیم کا مقصد دسمبر 2025 تک ضلع میں تمام مرکزی اسپانسر شدہ اسکیموں کو مکمل کرنا ہے۔روڈ سیفٹی کے خدشات کو دور کرنے پر چیف سکریٹری نے ایس ایس پی ٹریفک رام بن کو نگرانی کو تیز کرنے کی ہدایت دی اور بار بار ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف صفر رواداری کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا۔ مزید برآں انہوں نے نیشنل ہائی وے پروجیکٹ ڈائریکٹر پر زور دیا کہ وہ ان نازک مقامات پر توجہ مرکوز کریں جن کی وجہ سے سخت موسم میں ٹریفک میں رکاوٹیں پیدا ہوتی ہیں۔منشیات کی لت سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے چیف سکریٹری نے ایس ایس پی رام بن کو ہدایت دی کہ وہ اس طرح کے غیر قانونی دھندے پر مؤثر کنٹرول کے لیے کڑی نظر رکھیں۔قبل ازیں چیف سکریٹری نے ضلع ادھم پور کا ایک جامع دورہ کیا، جس میں دیویکا پر جاری کاموں اور یہاں گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) کی تعمیر پر توجہ دی گئی۔چیف سکریٹری نے دیویکا گھاٹ کا معائنہ کیا اور آپریشنل سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹII اور دیویکا گھاٹ کی خوبصورتی کی سائٹ کا دورہ کیا۔چیف سیکرٹری نے گورنمنٹ میڈیکل کالج اور ایسوسی ایٹڈ ہسپتال کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں موجودہ عملے کی تعداد کے ساتھ ساتھ ادارے میں کی گئی حالیہ خصوصی سرجریوں کا بھی جائزہ لیا۔ان کے ہمراہ صوبائی کمشنر جموں ایس ایچ رمیش کمار اور ڈپٹی کمشنر ادھم پور سلونی رائے شامل تھے ۔ چیف سکریٹری نے 200 بستروں والے ڈسٹرکٹ ہسپتال، جی ایم سی ادھم پور کی عارضی عمارت کی تعمیراتی جگہوں کا دورہ کیا۔اپنے دورے کے دوران ڈولو نے پرنسپل جی ایم سی ادھم پور کو معیاری خدمات کو یقینی بنانے، منتقلی کے کیسز کو کم کرنے اور یہاں زیر تربیت طلباء کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی ہدایت کی۔چیف سیکرٹری نے میڈیکل کالج کے ایسوسی ایٹڈ ہسپتال میں ادویات، تشخیص اور سہولیات کی دستیابی کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ انہوں نے وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے کلاس رومز اور لیبارٹریوں سمیت مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔