پرویز احمد
سرینگر //صدر اسپتال سرینگر میں قائم ہیموفیلیا سینٹر میںفیکٹر 7اور 8کے علاوہ جیسی دیگر ادویات کی کمی کی وجہ سے مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ہیموفیلا سوسائٹی آف کشمیر کے صدر سید ماجد نے بتایا کہ ادویات سپلائی کرنے کیلئے اسکی فہرست کے علاوہ رقومات کی منتقلی کے دستاویزات بھی فراہم کئے گئے ہیں لیکن میڈیکل سپلائی کارپوریشن ہیموفیلا سینٹر کو ادویات سپلائی کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ماجد نے بتایا کہ پچھلے چند ماہ سے فیکٹر 7اور 8کی سخت طلب ہے لیکن کئی باردرخواستوں کے باوجود بھی کارپوریشن ادویات فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ کارپوریشن کے جنرل منیجر ڈاکٹر مجید میراب نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ہمیں 9ویں مہینے میں آرڈرس ملے ہیں اور ہم نے ایک ماہ کے اندر دوائی خریدی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوائی سپلائی کرنے سے پہلے اس کی ٹیسٹنگ کرنا لازمی ہے کہ اس میں فیکٹر موجود ہیں یا نہیں۔ انہوں نے کہا ’’ ملک میں بننے والے ادویات کو سپلائی کرنے کیلئے ہمارے پاس 2ماہ کا وقت ہوتا ہے جبکہ بیرون ممالک سے آنے والے ادویات میں اس سے زیادہ وقت لگتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرڈر دینے میں جی ایم سی سے تاخیر ہوئی ہے اور اس کیلئے ایس او ڈی ذمہ دار ہے۔ ڈاکٹر مجید میراب نے کہا کہ جوں ہی ہمارے پاس آڈر آیا ، ہم نے بغیر کسی تاخیر کمپنی کو آڈر بھیجا اور اب ادویات کی ٹیسٹنگ ہونا باقی ہے۔ ڈاکٹرمیراب نے کہا کہ ہم ان کو ادویات باہر سے خریدنے کیلئے این او سی بھی جاری نہیں کرسکتے کیونکہ ادویات ہمارے پاس موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر ممکن کوشش کررہے ہیںکہ ہیموفیلا مریضوں کو جلد ادویات فراہم کی جائے۔