جموں // زبان و ادب کے مختلف رنگوں سے آراستہ اپنی ہفتہ وار ادبی سرگرمیوں کیلئے معروف ریاست کی سب سے پُرانی ادبی تنظیم ادبی کُنج جموں کے زیر اہتمام اِس کے ادبی مرکز کِڈز ذی سکوُل تالاب تِلوّ جموّں میں گذشتہ روز ایک خصوُصی سب رنگ ادبی نِشست کا انعقاد ہوا۔جِس کی صدارت کے فرائض جانے ما نے ڈوگری شاعر جگدیش چندر شرما نے انجام دی ۔اِس موقعہ پرگوجری کے معروف شاعرسروَرچوہان حبیٖبؔ اور اُردوُ و کشمیری کے بزرگ شا عر بشیرؔ الحق مہمانانِ ذی وقار تھے۔ نِشست کی نظامت کے فرائض تنظیم کے آرگنائزر وید اُپلؔ نے انجام دِئے ۔ نِشست کا آغاز کرتے ہوئے تنظیم کے صدر شام طالبؔ نے ریاست بھر میں منائے جارہے ڈوگری زبان کے ’مانیّتا دِوَس‘ 22)دسمبر(2003 کی اہمیّت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ کِتنی طویل جدّوجہد کے بعد مرکزی حکومت سے ڈوگری زبان کو آٹھویں شیڈول میں لانے کی زحمت کی گئی تھی۔ تنظیم کے چئیرمین آرشؔ دلموترہ نے کہا کہ ڈوگری زبان کی ترقی و بہتری کیلئے ہماری ادبی تنظیم ادبی کُج ہمیشہ کوشاں رہے گی۔اِس کے علاوہ مُلک بھر میں منائے جا رہے ’ قومی یوُمِ صارفین‘24)دسبر( پر بھی مقررّین نے سیر حاصل روشنی ڈالی اور یہ بھی کہا گیا کہ اِس دِن پر قلم کاروں کو اپنے قلم کا بھرپوُر استعمال کرنا چاہیئے۔ اِس موقعہ پر دُنیا بھرمیںمنائے جارہے ’کرسمس ڈے‘ 25)دسمبر)کیلئے بھی مقررّین نے امن اور شانتی کے اوتار حضرت یسوُع مسیح کے جنم دِن پر سب کو مُبارکباد دی اور اُن کی تعلیمات کے مختلف پہلوؤں پر روشنی بھی ڈالی۔ اِس کے بعد آج کی محفلِ مشاعرہ کے پہلے دوُر کا آغازکرتے ہوئے مختلف علاقوں سے تشریف لائے ڈوگری کے شعرا نے ڈوگری زبان میں اِن یادگاری دِنوں کے حوالے سے اپنی اپنی نظمیں اور غزلیں پیش کیٖں۔ اِس نِشست کے دوسرے دوَر میں دیگر شعراء نے بھی اپنا اپنا مختلف کلام پیش کرکے حاٖضرین کو محظوظ کِیا۔ اِس موقعہ پر ایک سُر مئی دوُر بھی ہوُا۔ جِس میں ریاست کے معروُف گلوکار، شاعر و طرز نگارچمن سگوچ اور وید اُپّل نے اپنی آواز کا جادوُ جگاتے ہوئے سامعین پر وجد طاری کردِیا۔ چمن سگوچ نے ڈوگری کے سرکردہ شاعر جتیندر اودھم پوری ؔکی ایک بہتر ین غزل کواپنی ہی دھُن میں تیار کر کے اور وید اُّپل نے اپنے ابتدائی دوُر کا ایک ڈوگری گیٖت پیش کرکے اپنی سُر کا جادوُ جگایا۔اِس نشست میں شامل ہوئے شعراء کے اِسمائے گرامی اِس طرح ہیں:۔ آرشؔ دلموترہ، بشیر الحق۔ سروَر چوہان حبیٖبؔ، فوزیہ مُغل ضیاؔ، سنتوش نادانؔ، وید اُپّل، معصوم ؔکِشتواڑی،بِشن داس خاکؔ، راج ؔکمل، چمن سگوچ ، ، سنجیو کُمار، راجیو کُمار، اور شام طالبؔ۔ آخر میں تنظیم کے چیئرمین آرشؔ دلموترہ نے تمام حاضرین کو مطلع کِیا کہ نئے سال کی آمد کے استقبال میںادبی کُنج کی طرف سے 31دسمبر کے روز راج پورہ منگوتریاں پار ک کے قریب رونقؔ ہال میں شام تین بجے مشاعرے کی تقریب منعقد ہوگی۔ نِشست کا اِختتام حسب معمول آرشؔ دلموترہ کی طرف سے پیش کردہ شُکریہ کی تحریک سے ہوُا۔
ادبی کنج نے کرسمس،ڈوگری مانیتادوس اوریوم صارفین منایا
