ادبی کنج جموں کارام نومی کے موقعہ پراِظہارِ عقیدت

جموں// ادبی کُنج جے اینڈ کے جموں کے زیراہتمام گذشتہ روز اِس کے ادبی مرکز واقع کڈذی سکول تالاب تِلّو جموں میں یومِ شہُداء اور رام نومی کے متبّرّک تہوار کے سِلسِلے میں ایک خصوُصی نِشست ’ایک شام شہیدوں کے نام‘ منعقد کی گئی۔ جِس کی صدارت کے فرائض کِشتواڑ سے اُردوُ و کشمیری زبان کے جواں سال شاعرمعصوم کشتواڑ ی نے سر انجام دِئے۔ جبکہ ڈوگری و ہِندی اور پنجابی کے جانے مانے شاعر و کہانی کار گردھاری لعل راہی مہمانِ خصوُصی تھے۔ اِس بار نظامت کے فرائض ادبی کُنج کے ادبی سیکرٹری بِشن داس خاکؔ نے ادا کِئے۔ نِشست کے آغاز میں تنظیم کے چیئرمین آرشؔ دلموترہ و صدر شام طالبؔ نے رام نومی کے متبرّک تہوار پر اپنی نیک خواہشات کا اِظہار کِیا۔ یوُمِ شُہداء کے موقعہ پر منعقدہ ’ایک شام شہیدوں کے نام ‘ پر اپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے ایوانِ صدارت اور دیگر مقرّرین نے خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ’’ جدّو جہدِ آزادی کی تاریخ میں شہید اعظم سردار بھگت سنگھ ایک ایسا نام ہے جِس کے بغیر آزادی کی داستان ادھوری ہے۔اُنھوں نے دیش کے عظیم انقلابی سپوتوں بھگت سنگھ، راجگوروُ، سُکھدیو، چندرشیکھرآزادؔ، اشفاق اﷲ ، رام پرساد بِسمل اور سوامی شردھانند کی اِنقلابی زندگی پر سیر حاصل روشنی ڈالی۔ اِس موقعہ پر نثری دوَر کی تخلیقات اِس طرح تھیں۔ (1)سلام اے شہیدانِ وطن سلام (اُردوُ) از شام طالبؔ (2)بنڈ ماں دی (ڈوگری) از آرشؔ دلموترہ ۔ (3) ہم اُس کے ساتھ رہتے ہیں(ہندی) از ایس کے گُپتا۔(4)دو بھراہ (پنجابی) از راج کمل۔ یہ بات قابلِ فخر ہے کہ عرصہ 43سال سے اُردوُ زبان کی ترویٖج و ترقّی سے متعلقہ ادبی سرگرمیوں میں سرگرم عمل ادبی کُنج کی اِس تنظیم نے اُردو زبان کی ترقّی کے لئے ریاست جموں و کشمیر میں ریاستی حکومت کی طرف سے’ اُردوُ کونسل‘ کے قیام پر وزیر اعلیٰ محبوُبہ مُفتی، وزیرِ تعلیم الطاف حسین بُخاری کے ساتھ ساتھ محکمہ اعلیٰ تعلیم کے پرنسپل سیکرٹری اورکونسل کے ممبر سیکرٹری اصغر حسن ساموں کو دِلی مُبارک باد پیش کی اور اِس سِلسِلہ میں منعقدہ تقریب میں اصغر حسن ساموںکے نام ادبی کُنج کی طرف سے صدرِ تنظیم شام طالب ؔ نے ایک سپاسنامہ بھی پیش کِیا۔ اِس نِشست کے شعری دوّر میں گلو کار چمن سگوچ اور ایس کے گُپتا نے رام بھجن اور دیش بھگتی کے گیٖت گائے۔اپنا خصوصی کلام پیش کرنے والے کُچھ شعراء کے اِسمائے گرامی اِس طرح ہیں۔ آرشؔ دلموترہ ، سرور چوہان حبیٖبؔ، معصومؔ کشتواڑی، چمن سگوچ، شمسؔ راجن ، بِشن داس خاکؔ، رازؔ ریاض سوہل، وید اُپّل ۔راج کمل، ایس کے گُپتا، محمّد باقر صباؔ،، سنجیو کُمار ،مہاراج کرشن ، راجیو کُمار اور شام طالبؔ۔ نِشست میں ایک دعائیہ دور بھی ہوُا۔اُردوُ، ہِندی و کشمیری کی جانی مانی شاعرہ اور ادبی کُنج کی نائب صدر سنتوش شاہ نادانؔکی علالت پر تشویش کا اِظہار کرتے ہوئے اُن کی جلد صحت یابی کی دُعائے خیر کی گئی۔ سنتوش نادان کے گُذشتہ ماہ سے ریڑھ کی ہڈی میں درد میں مُبتلا ہونے کی وجہ سے چنڈی گڑھ کے ایک اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ نِشست کا اِختتام حسبِ معمول آرشؔ دلموترہ چیئرمین کی طرف سے پیش کردہ شُکریہ کی تحریک سے ہُوا۔