اجودھیا سے بہتوں کو چڑ،لیکن ہمارے لئے عقیدت کا مرکز

اجودھیا//اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے متنازعہ بیان دیتے ہوئے کہاکہ اجودھیا سے بہتوں کو چڑہے ،لیکن رام کی جنم بھومی ہونے کی وجہ سے یہ ہمارے لئے عقیدت کا مرکزہے ۔مسٹر یوگی نے یہاں سے بلدیاتی انتخابات کی تشہیری مہم کی شروعات کی۔انہوں نے فیض آبادکے جی آئی سی میدان میں منعقد عوامی جلسے میں اجودھیا میونسیپل کارپوریشن کے ساتھ ہی بیکاپور،گوشائی گنج،رودولی اور بھدارسامیں بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)کی اکثریت والے بورڈ کو تشکیل دینے کی اپیل کی۔بلدیاتی انتخابات کی تشہیری مہم کی شروعات اجودھیا سے کرتے ہوئے انہوں نے ایک پیغام بھی دیا۔ریاست میں 653میونسیپل کارپوریشن ہیں،لیکن مسٹر یوگی نے تشہیری مہم کی شروعات یہاں سے کرکے یہ پیغام دے دیا کہ اجودھیا کے تئیں بی جے پی اور ان کی حکومت کافی سنجیدہ ہے ۔کچھ لوگ اسے ہندتوا سے بھی جوڑ کر دیکھ رہے ہیں۔بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر مہیندر پانڈے کے ساتھ آئے مسٹریوگی نے کہا کہ اجودھیا کو جو احترام ملنا چاہئے تھا وہ گزشتہ حکومتوں نے نہیں دیا۔وزیراعلی نے کہا کہ اجودھیا کے سامنے پہچان کا بحران پیداکرنے والوں کو معاف نہیں کیا جانا چاہئے ۔اجودھیا کو اس کا رتبہ ملنا ہی چاہئے ،اسی لئے حکومت میں آتے ہی انہوں نے اجودھیااور متھرا کو میونسیپل کارپوریشن بنا دیا۔اجودھیا کی ترقی اس کے رتبہ کے مطابق ہی ہونی چاہئے ۔یواین آئی۔