اجلاس سے متعلق پھیلایا گیا پروپگنڈا ناکام ہوگا: رویندر رینہ

جموں// بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ کا کہنا ہے کہ سری نگر میں منعقد ہو رہے جی ٹونٹی سربراہی اجلاس سے جموں و کشمیر کے متعلق پھیلایا گیا منفی پروپگنڈا ناکام ہوگا۔

 

انہوں نے کہا کہ یونین ٹریٹری کے لوگ وزیر اعظم نریندر مودی کے بہت شکر گذار ہیں جنہوں نے ہمیں اس اجلاس میں شرکت کرنے والے مندوبین کو استقبال کرنے کا موقع فراہم کیا۔موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘ہم جموں و کشمیر کے لوگ وزیر اعظم نریندر مودی کے بہت ہی شکر گذار ہیں جنہوں نے ہمیں جی ٹونٹی اجلاس میں شرکت کرنے والے عالمی سطح کے مندوبین کو استقبال کرنے کا موقع فراہم کیا’۔ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر میں پہلی بار اس نوعیت کا بین الاقوامی سطح کا ایونٹ منعقد ہو رہا ہے۔

 

مسٹر رینہ نے کہا کہ جی ٹونٹی میں دنیا کے طاقتور ممالک شامل ہیں۔انہوں نے کہا: ‘یہ مندوبین جموں وکشمیر کی خوشحالی، خوش نما ماحول، یہاں کاھائی چارہ خود اپنی آنکھوں سے دیکھیں گے’۔ان کا کہنا تھا: ‘چالیس برسوں تک دنیا میں جموں وکشمیر کے متعلق منفی پروپگنڈا پھیلایا گیا ، جموں وکشمیر کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی وہ ساری چالبازیاں اب ناکام ہوں گی’۔انہوں نے کہا: ‘پاکستان نے یہاں خون کی ہولی کھیلی دو سری طرف پروپگنڈا کیا گیا۔رویندر رینہ نے کہا کہ اس عالمی سطح کے ایونٹ سے جموں و کشمیر کی سیاحت اور معشیت کو فروغ ملے گا اور یہاں کی ثقافت کو بھی دوام ملے گا۔انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد پہلی بار یہاں اتنا بڑا ایونٹ منعقد ہو رہا ہے۔