اجس میں احتجاج

 بانڈی پورہ//اجس بانڈی پورہ کی آبادی نے دوسرے روز بھی احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ نئے تعمیر کئے گئے پرائمری ہیلتھ سنٹر کیلئے  مناسب راستہ میسر نہیں ہے جبکہ ہیلتھ سنٹر میں ٹیسٹ وغیرہ کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے لیس مشینری کا بھی فقدان ہے۔ انہوں نے کہا کہ  اس ہیلتھ سنٹر تک پہنچنے کیلئے مریضوں کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ احتجاجی مظاہرین نے کہا کہ اگر کسی وقت مریض کی حالت خراب ہو جائے تو وہ رستے میں ہی دم توڑ سکتا ہے کیونکہ ہسپتال تک گاڑی نہیں پہنچتی ہے۔ مریضوں کو کندھے یا چارپائی پر بٹھا کر اسپتال تک پہنچایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کو اس حوالے سے کئی مرتبہ مطلع کیا گیاتاہم اس مسئلے کی جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ پرائمری ہیلتھ سنٹر تک پہنچنے کیلئے مناسب راستہ تعمیر کیا جائے۔