سرینگر// عالمی یوم آب کے موقعہ پر کشمیر عظمیٰ میں شائع رپورٹ ’’پلوامہ کاکثیر آبادی والا علاقہ شاہورہ اکیسویں صدی میںپینے کے صاف پانی سے محروم‘‘ کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ نے شاہورہ علاقہ میں کوہلوں کی صفائی شروع کی ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق محکمہ دیہی ترقی کی طرف سے تملہ ہال میں کوہلوں کی صفائی کی گئی جس میں مقامی نوجوانوں نے بھی حصہ لیا ۔لوگوں نے ڈپٹی کمشنر پلوامہ ،بی ڈی اولاسی پورہ اور متعلقہ فیلڈ عملے کی ستائش کرتے ہوئے اس مہم کو بڑھانے کی اپیل کی ہے ۔مقامی لوگوں نے اس پہل کیلئے مختار احمد میر اور سیما جبار کی سراہنا کرتے ہوئے بی ڈی او لاسی پورہ سے اپیل کی ہے کہ اس کارروائی کیلئے مذکورہ افراد کی حوصلہ افزائی کی جائے۔مقامی سماجی کارکن ایچ۔ یو۔ حمید نے بتایا کہ علاقہ میں سینکڑوں کی تعداد میں چشمے موجود ہیں تاہم یہ چشمے تباہی کے دہانے پر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ صاف پانی سے مالا مال اس بستی سے جہاں کئی دیہات کو نلوں کے ذریعے پانی فراہم ہورہا ہے وہیں کثافت سے کئی چشمے تباہ ہورہے ہیںجن کو بچانے کیلئے ضلع انتظامیہ اور محکمہ دیہی ترقی کو مؤثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔