اتھہ روٹ کشمیر نامی رضاکار تنظیم نے بانہال والنٹیرز کو سازو سامان فراہم کیا

بانہال//آتھہ روٹ کشمیرنامی رضاکار تنظیم نے بانہال میں ایک تقریب کے موقع پر  بانہال والنٹیرز نامی رضاکار تنظیم کو سڑک حادثات اور دیگر ناگہانی آفات  کے دوران بچا کاروائیوں میں کام آنے والے اہم سامان اور آلات کو مفت تقسیم کیا ہے ۔ جس سے دن رات بلا معاوضہ رضاکارانہ طور کام کرنے والی بانہال والنٹیرز کے رضاکاروں کے کام کو مزید فعال اور پر اثر بنانے میں مدد ملے گی ۔ بدھ کے روز ٹان ہال بانہال میں منعقد ہوئی سادہ تقریب کے موقع پر ایس ڈی ایم بانہال ظہیر عباس مہمان خصوصی کے طور مدعو تھے جبکہ تقریب میں آتھہ روٹ کشمیر کے چیئرمین بشیر احمد ندوی ، ان کے رفقا ، رضاکار تنظیم سوشل ویلفیئر ایسوسی ایشن بانہال کے تعظیم احمد وانی اور منظور احمد کامگار کے علاہ بانہال والنٹیرز کے صدر محمد ادریس وانی اور درجنوں رضاکار موجود تھے۔ بانہال والنٹیرز ایک رجسٹرڈ مقامی رضاکار تنظیم ہے اور ضروری ساز و سامان کے بغیر ہی یہ رضاکار اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر جموں سرینگر قومی شاہراہ پر پیش انے والے آئے روز کے جان لیوا سڑک حادثات اور دیگر ناگہانی آفات کے موقع پر پولیس اور انتظامیہ کے شانہ بشانہ متاثرہ لوگوں کی خدمت میں پیش پیش رہتے ہیں ۔ بانہال والنٹیرز کو بچا کاروائیوں کیلئے آتھہ روٹ کشمیر کی طرف سے عطیہ کیا گیا ڈھیر سارا ضروری سامان کئی لوگوں کی جان بچانے میں یقینی طور پر کار آمد ثابت ہوگا۔اس موقع پر آتھہ روٹ رضاکار تنظیم کی طرف سے عطیہ کئے گئے ۔ سامان میں آکسیجن کنسنٹریٹر ، وہیل چئیرز ، پلاسٹک سٹریچرس ، بوٹ ، رسیوں کی سیڑھیاں ، ایمرجنسی لائٹس ،  سنو اور ووڈ کٹر ، لائف جیکٹس ، ہیلمنٹ ، گلوز اور کمبل وغیرہ فراہم کئے تاکہ قومی شاہراہ کے درماندہ مسافروں اور سڑک حادثات کے مسافروں کی بہتر طور سے مدد کی جاسکے۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے بشیر احمد ندوی چیئرمین آتھہ روٹ کشمیر نے زرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ انہیں کئی رضاکار تنظیموں کی طرف سے مدد کی درخواست کی گئی تھی اور تمام طرح کی جانچ پڑتال کے بعد بانہال والنٹیرز کے کام۔کی سراہنا کرتے ہوئے انہیں یہ سامان فراہم کیا گیا یے تاکہ وہ بہتر طریقے سے شاہراہ کے حادثات اور دیگر آفات کے متاثرین کی مدد کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کی خوش قسمتی ہے کہ وہ بانہال والنٹیرز کی مدد کر پائیں ہیں تاکہ وہ اس ضروری سامان سے بہتر طریقے سے بچا کاروائیوں میں لوگوں کی جان بچا سکیں۔ اس موقع پر بانہال والنٹیرز کے صدر محمد ادریس وانی ، سوشل ویلفیئر ایسوسیشن بانہال کے تعظیم وانی اور منظور احمد کامگار نے آتھہ روٹ کی کاوشوں اور مدد کا شکریہ ادا کیا۔