اترکاشی میں پسیاں گرنے کے واقعات | 50 خوفزدہ کنبوں نے محفوظ مقام پر لی پناہ

عظمیٰ نیوز ڈیسک

اترکاشی//اتراکھنڈ کے اترکاشی ضلع میں منگل کی رات مسلسل تین گھنٹے تک ہوئی بارش کے بعد وروناوت پہاڑ پر ایک بار پھر زمین کھسکنے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ تیز بارش کے درمیان 45 منٹ کے وقفے میں پہاڑی سے 5مرتبہ زوردار آواز کے ساتھ لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔ بڑی مقدار میں پتھر اور ملبہ گرنے سے مسجد محلہ، جل سنستھان کالونی اور گوفیارا علاقے کے لوگوں میں دہشت پھیل گئی۔لینڈ سلائیڈ کے واقعات کے بعد تقریباً 50کنبوں نے فوری طور پر علاقے کو چھوڑ کر محفوظ مقامات پر پناہ لی ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ضلع آفات انتظامیہ کی ٹیم مستعد ہوگئی اور راحت و بچاو کام شروع کردیا۔ ضلع آفات انتظامیہ افسر دیویندر پٹوال، ایڈیشنل کلکٹر رضا عباس، ڈپٹی کلکٹر برجیش کمار تیواری نے فورا ضلع آفات آپریشن مرکز پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا۔ افسران نے فوکس لائٹ سے لینڈ سلائیڈ کی حالت کو دیکھنے کی کوشش کی اور وروناوت پہاڑ کے بڑے حصہ میں شگاف آنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ایک ہفتہ میں یہ دوسری بار ہے جب وروناوت پہاڑ پر لینڈ سلائیڈ کا معاملہ پیش آیا ہے۔ گزشتہ منگل (27اگست) کو بھی یہاں زمین کھسکنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔ پہاڑ سے اچانک رہائشی علاقوں کے آس پاس بولڈر گرنے سے مقامی لوگوں میں افرا تفری مچ گئی تھی جس نے سال 2003 میں ہوئے لینڈ سلائیڈ کی تلخ یادیں تازہ کردی تھیں۔ 2003 میں جب لینڈ سلائیڈ شروع ہوا تھا تو تین سے چار زون میں بولڈر و ملبہ گرتا تھا۔ ان بولڈروں سے تقریبا 221 مکانات پوری طرح تباہ ہوگئے تھے۔ کل ملاکر 362 کنبہ اس سے متاثر ہوئے تھے۔ راحت کی بات یہ تھی کہ اتنے بڑے واقعہ کے بعد بھی کسی طرح کا جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔ متاثرہ کنبوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر پہنچا دیا گیا جس کی وجہ سے کسی طرح کا ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہو سکا تھا۔