اتراکھنڈ میں بی جے پی کی جیت کے بعد وزیر اعلیٰ کے نام پر غوروفکر شروع

نئی دہلی//اتراکھنڈ اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جیت کے بعد اب پارٹی نے ریاست میں اگلے وزیر اعلیٰ کے نام پر غوروفکر شروع کردیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کے الیکشن ہارنے اور عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد کئی بڑے نام ریاست کے اگلے وزیر اعلیٰ بننے کی دوڑ میں شامل ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بی جے پی جیتنے والے ایم ایل اے میں سے کسی ایک کو وزیر اعلیٰ بنائے گی۔ ذرائع کے مطابق اس بار وزیر اعلیٰ بننے کی دوڑ میں دھن سنگھ راوت اور ستپال مہاراج سب سے آگے ہیں۔ ساتھ ہی ہائی کمان ریاستی بی جے پی یونٹ کے صدر اور ہریدوار سٹی سیٹ سے پانچویں بار جیتنے والے مدن کوشک کے نام پر بھی مہر لگا سکتی ہے ۔ اس سے پہلے جولائی 2021 میں جب مسٹر راوت کا نام وزیر اعلیٰ کی دوڑ میں آیا تھا، لیکن پارٹی نے مسٹر دھامی کو وزیر اعلیٰ بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی مسٹر مہاراج کا نام ماضی میں کئی بار وزیر اعلیٰ کے امیدوار کے طور پر سامنے آ چکا ہے ۔ مسٹر مہاراج پہلے کانگریس میں تھے لیکن بعد میں وہ بی جے پی میں شامل ہو گئے ۔ واضح رہے کہ بی جے پی نے 2021 میں چار ماہ کے اندر دو وزرائے اعلیٰ کو تبدیل کیا تھا۔ سابق وزیراعلی ترویندر سنگھ راوت 2017 میں بی جے پی کی جیت کے بعد آخری بار اتراکھنڈ میں وزیر اعلیٰ بنے تھے ۔ انہوں نے بی جے پی ہائی کمان کے فیصلے کی وجہ سے استعفیٰ دیا تھا۔ اس کے بعد لوک سبھا رکن پارلیمنٹ تیرتھ سنگھ راوت کو وزیر اعلیٰ بنایا گیا۔ وزیراعلی کے طور پر ان کا دور بھی مختصر تھا اور مسٹر دھامی کو جولائی میں ان کی جگہ وزیراعلی بنایا گیا تھا۔