’اتحاد و اتفاق کا فقدان | ہماری خراب حالت کیلئے ذمہ دار: ڈاکٹر فاروق

سرینگر//عالم اسلام کے ساتھ ساتھ ہندوستان کے مسلمانوں میں اتحاد و اتفاق کے فقدان سے ہماری حالت پتلی ہے۔اتحاد و اتفاق کے نہ ہونے کی وجہ سے ہی مسلمانوں کیخلاف ہر سازش اور ہر منصوبہ کامیاب ہورہا ہے۔ ہم تب تک کامیابی اور کامرانی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتے جب تک نہ ہماری صفوں میں اتحاد ہو۔ ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ(رکن پارلیمان) کلی پورہ نائوپورہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کا شیرازہ بکھیرنے میں امریکہ صہیونی طاقتوں کے ساتھ مل کر سیاہ رول نبھا رہے ہیں اور یہ سب کچھ مسلمانوں کے درمیان پائی جارہی نااتفاقی اور اتحاد کے فقدان کا نتیجہ ہے۔ ڈاکٹر فاروق نے مسلمانانِ عالم سے اپیل کی کہ وہ آپسی اختلافات دور کرکے ایک پلیٹ فارم پر آکر اُمت مسلمہ کو درپیش چیلنجوں کا سامنا کرنے کیلئے ایک جُٹ ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے مسلمانان بھی اس وقت نازک دور سے گزر رہے ہیں، فرقہ پرستوں کے غلبہ کی وجہ سے اقلتیں عدم تحفظ کا شکار ہوگئیں ہیں۔ بھارتی مسلمانوں کو بھی ایک ہی جھنڈے تلے آنا چاہئے کیونکہ ٹولیوں میں بٹ جانے سے دشمن آسانی سے کامیاب ہوجاتا ہے۔