آگ سے متاثرہ علاقہ ہجوا میں ہر سو آہ و فغاں

بانہال //منگل کے روز آگ کی تباہ کن واردات سے متاثر ہوئے ہجوا علاقے میں بدھ کے روز رنج و الم کا ماحول رہا اور دور دور سے عام لوگ رشتہ دار اور سیاسی لیڈر متاثریں کی ڈھارس بندھانے اور رضاکار انجمنیں مدد کیلئے اٹھ کھڑی ہوئی ہیں ۔منگل کی دوپہر تحصیل کھڑی ضلع رامبن کے ہجوا علاقے میں لگی آگ کی وجہ سے بارہ مکان لاکھوں روپئے کے مال و اسباب سمیت مکمل طور سے خاکستر ہوئے اور ان مکانوں میں رہنے والے 32 غریب کنبے کھلے اسمان کے نیچے آگئے ہیں۔ متاثرہ کنبے سوختہ ہوئے گھروں کی راکھ کے ڈھیروں سے اپنے راکھ ہوئے گھریلو مال و اسباب کو دیکھ کر کر رنجیدہ ہیں اور اسے اللہ کی رضا مان کر مستقبل کیلئے کمربستہ ہونے کی کوشش میں لگے ہیں ۔ بدھ کے روز سابقہ وزیر اور ممبر اسمبلی بانہال وقار رسول ، ضلع ترقیاتی کونسلربانہال اور سینئر کانگریس لیڈر امتیاز احمد کھانڈے نے ہجوا علاقے کا دورہ کیا اور متاثرین سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وہ ہجوا کے تمام 32 متاثرہ کنبوں کی مدد کیلئے ہر ممکن کوشش کرینگے اور اس  کیلئے کانگریس پارٹی کے ورکر اور ہمدرد لوگ ہجوا آگ متاثرین کی مدد کیلئے سامنے آئے ہیں تاکہ متاثرین کی جلد از جلد مدد کی جا سکے ۔انہوں نے کہا متاثرین کی باز آباد کاری کیلئے سرکار کو ہرممکن مدد کے ساتھ سامنے آنا چاہئے تاکہ سردیاں شروع ہونے سے پہلے پہلے بے گھر ہوئے لوگ اپنے اپنے مکانوں میں رہ پائیں ۔اس دوران بی ڈی سی کونسلر اور نیشنل کانفرنس سینئر لیڈر بشیراحمد رونیال نے ہجوا میں آگ سے ہوئے بھاری مالی نقصان پر اپنے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثریں سے اپنی دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ اگ کی اس ہولناک واردات میں بے یار و مددگار ہوئے متاثرین کی فوری طور پر بھر پور مالی مدد کی جائے اور راشن کی مفت فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ منگل کے روزنیشنل کانفرنس سینئر لیڈر اور ضلع صدر سجاد شاہین ، ڈی ڈی سی چیئرپرسن شمشادہ شان ، ڈی ڈی سی کونسلر فیاض احمد نائیک ، ڈی ڈی سی کونسلر گلشن بیگم ، ڈی ڈی سی کونسلر امتیاز کھانڈے ، کانگریس سینئر لیڈر عبدالرشید منہاس نے   علاقے میں پیدل دورہ کرکے متاثرین سے اپنی ہمدردی اور تعاون کا اظہار کیا تھا ۔ اس دوران بانہال سے بانہال والنٹئیرس نامی رضاکار تنظیم نے راشن اور دیگر امداد پہنچانے کیلئے اپنے صدر ادریس وانی کی قیادت میں ایک ٹیم کو ہجوا روانہ کیا ہے اور تباہ ہوئے کنبوں کو راشن اور برتن تقسیم کئے جارہے تاکہ متاثرین کی مدد کی جا سکے ۔