آلوچی باغ سرینگرمیں مختصر انکائونٹر| اعلیٰ کمانڈر ساتھی سمیت جاں بحق

سرینگر//سرینگر کے آلوچی باغ رام باغ علاقے میں ایک مختصر جھڑپ میں ٹی آر ایف کمانڈر ساتھی سمیت جاں بحق ہوا ۔ انسپکٹر جنرل پولیس وجے کمار نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد سرینگر پولیس کے10نوجوانوں نے سیول کپڑوں میں ملبوس ہو کر ان جنگجوں کو گھیرے میں لے کر انہیں وارننگ دی جس کے بعد انہوں نے وہاں سے فائرنگ کی جس کے بعد پولیس نے جوابی فائرنگ کر کے دونوں کو ہلاک کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پولیس کے لئے ایک بڑی کامیابی ہے۔ پولیس نے کہا کہ دونوں کی شناخت عباس شیخ اور سکنڈ ان کمانڈڑ ثاقب منظور کے طور ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا دونوں کی ہلاکت پولیس کیلئے ایک بڑی کامیابی ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق قریب 6بجے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور اس سے قبل فورسز کی بھاری تعداد نے علاق کو گھیر لیا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ چند ماہ قبل جن ٹاپ10جنگجوں کی لسٹ جاری کی گئی تھی ان میں عباس شیخ کا نام بھی شامل تھا۔ پولیس کے مطابق عباس شیخ جنوبی کشمیر کا سب سے مطلوب جنگجو تھا جوضلع کولگام کے رام پورہ کیموہ گائوںسے تعلق رکھتا تھا۔اس کی عمر قریب45سال کے قریب تھی۔مہلوک کمانڈر پہلے حزب المجاہدین اور بعد میں ٹی آر ایف کے ساتھ وابستہ ہوگیا ۔وہ دو مرتبہ دوبارہ سرگرم ہوگیا۔وہ 2014سے سرگرم تھا۔ پہلے وہ1990کے آخر میں حزب کیساتھ وابستہ تھا اور بعد میں گرفتاری کے بعد کچھ عرصہ گھر میں بیٹھا اور 2002میں دوبارہ سرگرم ہوگیا۔اسکے بعد2019 وہ میں ٹی آر ایف میں شامل ہوگیا۔ثاقب منظور برزلہ کا رہنے والا تھا۔آئی جی پی نے کہا کہ سرینگر میں حالیہ ہلاکتوں میں دونوں کا ہاتھ رہا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ عباس کے کہنے پر ہی ثاقب ٹارگٹ کلنگ کرتا تھا۔

سوپور

پیٹھ سیر سوپور نامی گائوں میں کم سے کم تین جنگجوئوں کی موجودگی کے بعد پولیس اور 52آر آر نے رات کے قریب 9بجے محاصرہ کیا۔ ایس ایس پی سوپور سدھانشو ورما نے اس بات کی تصدیق کی کہ پولیس کو علاقے میں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی جس کے بعد علاقے کو گھیرے میں لیا گیا اور روشنی کا انتظام کرکے جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا گیا۔ 
 
 
 

عید گاہ عالی مسجد کے متصل دھماکہ

بنکر کو نشانہ بنایا گیا، ہیڈ کانسٹیبل زخمی

سرینگر/بلال فرقانی/ عید گاہ سرینگر میں جنگجوئوں نے فورسز بنکر پر گرینیڈ پھینکا جس کے نتیجے میں ایک ہیڈ کانسٹیبل زخمی ہوا۔یہ واقعہ شام دیر گئے 8بجے پیش آیا۔مشتبہ جنگجوئوں نے عالی مسجد کے باہر روڑ پر قائم کئے گئے 161بٹالین سی آر پی ایف کے بنکر پر گرینیڈ پھینکا جو بنکر کے نزدیک زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے آہنی ریزے لگنے کے نتیجے میں ہیڈ کانسٹیبل پروین کمار شدید زخمی ہوا اور انہیں صدر اسپتال منتقل کردیا گیا۔دھماکے کے فوراً بعد صورہ جانے والی سڑک پر گاڑیوں کی آمد و رفت معطل ہوگئی اور فورسز کی مزید کمک یہاں پہنچ گئی۔
 
 
 

حیدر بیگ پٹن میں تلاشیاں 

فیاض بخاری
 
بارہمولہ //فورسز نے پیر کو شمالی ضلع بارہمولہ میں پٹن کے حیدر بیگ علاقے میں تلاشی کارروائی عمل میں لائی۔ معلوام ہوا ہے 29 آر آر ، سی آر پی ایف اور پولیس نے مشترکہ طور پر جنگجوئوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد حیدر بیگ دیہات کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی عمل میں لائی تاہم جنگجوئوں کیساتھ کوئی آمنا سامنا نہیں ہوا اور نہ کوئی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔