یو این آئی
نئی دہلی// ملاوی قومی اسمبلی کی اسپیکر کیتھرین گوٹانی ہارا کی قیادت میں ہندوستان کے دورے پر آئے ہوئے پارلیمانی وفد نے پارلیمنٹ کا دورہ کیا۔ لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے وفد کا پارلیمنٹ ہاؤس میں خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اور ملاوی کے درمیان خوشگوار اور دوستانہ تعلقات ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور صدر لازارس میکارتھی چکویرا کی قیادت میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔جون 2020 میں صدر کے انتخاب کے بعد ملاوی میں اقتدار کی پرامن منتقلی کی تعریف کرتے ہوئے برلا نے امید ظاہر کی کہ اس سے ملاوی میں آئینی اداروں کو مزید تقویت ملے گی اور جمہوریت مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملک جمہوری اقدار اور نظریات پر یقین رکھتے ہیں۔ دونوں ممالک کی پارلیمنٹ شہریوں کی امیدوں اور امنگوں کی نمائندگی کرتی ہے۔ اس تناظر میں انہوں نے کہا کہ نیو انڈیا کی توقعات کو پورا کرتے ہوئے ہم نے اپنی پارلیمنٹ کی نئی عمارت تعمیر کی ہے۔دونوں ممالک کے درمیان کثیر جہتی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان بات چیت اور مذاکرات کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے۔ اس حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ہندوستان کی پارلیمنٹ کا تربیتی ادارہ PRIDE جمہوری ممالک کی پارلیمنٹ کے لیے صلاحیت سازی کے پروگرام منعقد کرتا ہے۔ انہوں نے ملاوی کے اراکین پارلیمنٹ اور حکام کیلئے اس طرح کی تقریبات منعقد کرنے کی تجویز پیش کی۔ برلا نے مشورہ دیا کہ دونوں ممالک کو دو طرفہ تعاون کے لیے دیگر شعبوں پر بھی غور کرنا چاہیے۔ انہوںنے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ہندوستان ملاوی میں 500 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ سب سے بڑے سرمایہ کاروں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے ملاوی کی اقتصادی ترقی میں ہندوستان کی حمایت کا یقین دلاتے ہوئے زرعی مصنوعات خصوصاً کپاس کی مصنوعات کی تجارت کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔