آغاروح اللہ کی وزیر داخلہ سے ملاقات قیدیوں کی رہائی اور وادی منتقلی کا مطالبہ

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان آغا روح اللہ نے وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی اور ان سے جموں و کشمیر کے ان سینکڑوں قیدیوں کی رہائی کیلئے کہا جو برسوں سے بغیر کسی مقدمے کے قید ہیں اور ان لوگوں کو کشمیر کی جیلوں میں منتقل کرنے کا بھی کہا جن کے کیس زیر سماعت ہیں اور ابھی تک سزا یافتہ نہیں ہیں۔ رکن پارلیمان نے وزیر داخلہ کو اس سلسلے میں ایک خط بھی پیش کیا جس میں کہا گیا ’’میں جموں و کشمیر کے لوگوں کے نمائندے کے طور پر آپ کی نوٹس میں لانا چاہوں گا کہ وادی کے مختلف علاقوں میںکافی تعداد میں لوگوں کو قید کیا گیا ،اگر چہ ان میں سے بہت سے مجرم قرار دئے گئے ہیں تاہم ایک اچھی خاصی تعداد کے کیس زیر سماعت ہیں اور ملک کے مختلف حصوں میں قید ہیں۔انہوں نے کہا کہ بغیر کسی مقدمے کے قید کئے جانے والے زیادہ تر قیدی نوجوان ہیںاور حکومت کی جانب سے ان لوگوں کو ایسی عمر میں قید رکھنا ناانصافی ہے جو کیرئیر اور قوم کی تعمیر کیلئے اہم ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا’’ میں ان کی رہائی کو ضروری سمجھتا ہوں اور حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ قیدیوں کو بغیر کسی مقدمے کے جلد از جلد رہا کیا جائے‘‘۔ انہوں نے خط میں مزید لکھا ہے کہ جموں و کشمیر کے صوبہ کشمیر کے موسمی حالات باقی ملک سے مختلف ہیں، ایسے قیدی جو سزا یافتہ ہیں یا زیر سماعت ہیں، انہیں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر وادی میں منتقل کیا جانا چاہئے۔ان قیدیوں کے لواحقین کیلئے ملک کے مختلف حصوں میں جسمانی اور مالی طور پر ان سے ملنا بھی مشکل ہے۔