آسیہ نقاش نے شمالی کشمیر میں طبی سہولیات کا جائزہ لیا

 کپوارہ//شمالی کشمیر کے تینو ں اضلاع میں قائم سرکاری اسپتالو ں کے کام کاج کا جائزہ لینے کیلئے وزیر مملکت برائے صحت آسیہ نقاش نے کپوارہ کا دورہ کیا اور ان اسپتالو ں میں مریضوں کو طبی سہولیات کے حوالے سے جانکاری حاصل کی۔انہوں نے ترہگام پرائمری ہیلتھ سنٹر کو ایک ما ڈل اسپتال بنانے کے عز م کو دہرایا ۔آ سیہ نقاش ہفتہ کو ضلع اسپتال کپوارہ پہنچ گئیں جہا ں انہو ں نے زیر تعمیر نئی اسپتال عمارت پر ہورہے کام کا جائز ہ لیا اور کہا کہ مذکورہ اسپتال عمارت پر اب کام مکمل ہو چکا ہے اور ان میں فوری طور مریضوں کا علاج و معالجہ کیا جائے گا ۔آسیہ نقاش نے اسپتال میں زیر علاج بیماروں کی بھی خبر پرسی کی جبکہ سول سوسائٹی کپوارہ سے بھی ملاقات کر کے ان سے اسپتال کے کام کاج سے متعلق جانکاری حاصل کی ۔سول سو سائٹی کپوارہ نے اُن سے مطالبہ کیا کہ سب ضلع اسپتال کپوارہ کو ایک مثالی اسپتال بنایا جائے تاکہ اس دور دراز اور پسماندہ ضلع کے مریضوں کو وادی کے دیگر اسپتالو ں کا رخ نہ کرنا پڑے ۔ آسیہ نقاش نے سو ل سو سائٹی کو یقین دلایا کہ کپوارہ اسپتال میں مریضوں کو علاج و معالجہ کے حوالہ سے تمام تر سہولیات میسر رکھی جائیںگی ۔آ سیہ نقاش نے بارہ مولہ ،بانڈی پورہ اور کپوارہ کے افسران کی ایک میٹنگ طلب کی جس میں انہو ں نے تینوں اضلاع میں قائم سرکاری اسپتالو ں میں مریضوں کو طبی سہولیات سے متعلق جانکاری حاصل کی ۔ترہگام میں قائم سرکاری اسپتال کو ایک ماڈل اسپتال بنانے سے متعلق وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے پہلے ہی اعلان کیا تھا کہ ترہگام ایک تاریخی قصبہ ہے اور یہاں ایک ما ڈل اسپتال بنایا جایا گا جس میں مریضوں کو علاج و معالجہ سے متعلق سبھی سہولیات میسر رکھی جائیںگی ۔انہو ں نے لنگیٹ اسپتال کے لئے بھی رقومات واگزار کر نے کا اعلان کیا جبکہ سوگام ،کرالہ پورہ ،زچلڈار ،ٹنگڈار اور دیگر اسپتالو ں میں مریضوں کیلئے ہر ممکن سہولیات رکھنے کی یقین دہانی دی ۔