آسیہ اور فہمیدہ سیاسی قیدی: دختران

سرینگر //دختران ملت نے تنظیم کی سربراہ سیدہ آسیہ اندرابی اور صوفی فہمیدہ سے ملاقات کیلئے امپھالا جموں جانے والے افراد سے ناروا سلوک کئے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دونوں خواتین کوئی مجرم نہیں بلکہ سیاسی قیدی ہیں۔ جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے بیان میں کہا کہ وزیر اعلی محبوبہ مفتی کی ہدایت پر دونوں کو جیل میں بنیادی سہولیات میسر نہیں کئے جارہے ہیں اور جو بھی اہل خانہ ان سے ملنے کیلئے جیل پہنچتے ہیں ،ان کو ملنے بھی نہیں دیا جاتا۔ جمعرات کو آسیہ اور فہمیدہ کے اہل خانہ ان سے ملنے گئے تاہم انہیں اجازت نہیں دی گئی۔ سنیچر کو تعطیل قرار دئے جانے کی وجہ سے وہ پھر ملاقات سے قاصر رہے۔انہوں نے کہا کہ یہ امر قابل صد مذمت ہے کہ 300 کلومیٹر کی مسافت طے کرنے کے بعد بھی اہل خانہ کو ان دونوں سے نہیں ملنے دیا جارہا۔ اہل خانہ کو اس امر سے بھی تشویش ہے کہ عدالت کی طرف سے ان دونوں کو سرینگر منتقل کرنے کی ہدایت پر بھی عمل آواری نہیں ہورہا ہے۔ اسی کے چلتے اہل خانہ جمعرات کو ان سے ملاقات کیلئے سرینگر سے جموں روانہ ہوئے تھے تاہم انہیں کورٹ آرڈر کی عمل آواری کے ضمن میں استفسار کرنے کیلئے جیل آفس میں بھی داخل ہونے دے روک دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اہل خانہ کو نا حق ہراساں کیا جارہا ہے۔