آسیہ اندرابی کی مسلسل قید پردختران ملت برہم

 سرینگر//دختران ملت نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت اور پولیس آسیہ اندرابی کو متواتر قید میں رکھنے کیلئے ہر حربہ استعمال کر رہی ہیں تاکہ ان کی موت بھی جیل میں ہی ہو۔تنظیم کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے کہا کہ یہ سب وزیراعلیٰ کے اشارے پر کیا جارہا ہے۔ نسرین نے کہا کہ آسیہ اندرابی اور صوفی فہمیدہ کے اہل خانہ نے عدالت میں عرضداشت دائر کی ہے کہ ان کے اور صوفی فہمیدہ کے خلاف جتنے بھی ایف آئی آر درج ہیں ان کی جانکاری دی جائے۔ اور ساتھ ہی یہ بتایا جائے کہ یہ کیس کس کس پولیس سٹیشن میں دائر ہیں۔انہوں نے کہا کہ آسیہ اندرابی کی صحت ہر گزرتے دن کے ساتھ بگڑتی جارہی ہے اسلئے ان کے کنبوں نے سوچا تھا کہ ان کو تمام کیس میں ضمانت مل جائے تاکہ ان کو تھانے تھانے نہ بھٹکایا جائے لیکن پولیس حکومتکے اشاروں پر ایک سازش کے تحت اس قانونی عمل میں بھی روڑے اٹکا رہی ہے تاکہ انہیں قید میں ہی رکھ سکے۔آج بھی یہ کیس پیش عدالت ہوا تھا لیکن پولیس نے پھر دس دن کی مہلت مانگ لی۔