آسٹریلیا کو 48 رنوںکی برتری، ہندوستان دباؤ میں

بنگلور/میٹ رینش (60) اور شان مارش (66) کی نصف سنچری اننگز سے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے یہاں ایم چنا سوامی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے دوسرے کرکٹ ٹسٹ کے دوسرے دن اتوار کو دن کا کھیل ختم ہونے تک چار وکٹ باقی رہتے اپنی پہلی اننگز میں 48 رنز کی اہم برتری حاصل کرکے میزبان ہندستانی ٹیم کو دباؤ میں ڈال دیا۔آسٹریلوی ٹیم نے دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک 106 اوورز میں چھ وکٹ کے نقصان پر 237 رنز بنا لئے ہیں۔اسے پہلی اننگز میں 48 رنز کی برتری مل گئی ہے اور اس کے ابھی چار وکٹ محفوظ ہیں۔وکٹ کیپر بلے باز میتھیو ویڈ 25 رنز اور مشیل اسٹارک 14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ کریز پر ڈٹے ہوئے ہیں۔مہمان ٹیم کی اننگز میں دوسرے دن رینش نے 196 گیندوں میں پانچ چوکے اور ایک چھکا لگا کر 60 رنز اور شان نے 197 گیندوں میں چار چوکے لگا کر 66 رنز کی نصف سنچری اننگز کھیلی۔تاہم پہلی اننگز میں 189 رنز پر ڈھیر ہو ئی ہندستانی ٹیم نے دن کا آغاز میں کافی کفایتی بولنگ کی لیکن مہمان ٹیم کے بلے بازوں نے سنبھلتے ہوئے بلے بازی کر کے اپنے اسکور میں 197 رنز اور جوڑکر برتری لے لی۔لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجہ نے 17 اوورز میں 49 رنز دے کر سب سے زیادہ تین وکٹ نکالے اور کافی کامیاب رہے ۔لیکن تجربہ کار آف اسپنر روی چندرن اشون کوئی کمال نہیں کر سکے اور 75 رنز پر انہوں نے ایک وکٹ نکالا۔تیز گیند باز ایشانت شرما نے حریف بلے بازوں کے ساتھ مزاحیہ نوک جھونک کی اور 23 اوورز میں کفایتی بولنگ کرکے محض 39 رنز دیے اور ایک وکٹ نکالا۔امیش یادو کو 57 رن پر ایک وکٹ ملا۔اس سے پہلے آسٹریلیا نے اننگز کا آغاز 40 رنز سے آگے کیا تھا اور لنچ تک وہ 29 اووروں کے کھیل میں صرف 47 رنز ہی جوڑ سکی۔ مہمان ٹیم ابھی بھی ہندوستان کے اسکور سے 102 رن پیچھے ہے جسے اس نے پہلی اننگز میں ہفتہ کو 189 رنز پر ڈھیر کر دیا تھا۔لنچ کے وقت سلامی بلے باز میٹ رینشا 40 رن اور شان مارش دو رن بنا کر ناٹ آؤٹ تھے ۔ میچ میں صبح ہندوستانی گیند بازوں نے کفایتی گیندبازی کرتے ہوئے آسٹریلیا کے بلے بازوں کو بورڈ پر رن جوڑنے سے روکنے کی کوشش کی۔ کل کے ناٹ آؤٹ بلے باز ڈیوڈ وارنر نے 23 رنز اور رینشا نے 15 رن سے آگے اپنی اننگز کو بڑھایا اور پہلے وکٹ کے لئے 21.1 اوور میں 52 رن جوڑے ۔لنچ تک آسٹریلیا نے دو وکٹ پر 87 رن اور پھر چائے کے وقفہ تک پانچ وکٹ پر 163 رنز بنائے ۔