آسارام کی سزامعطل کرنے کی ضمانتی عرضی رد

 یواین آئی

نئی دہلی// سپریم کورٹ نے خود ساختہ مذہبی رہنما آسارام باپو کی درخواست مسترد کر دی، جوعصمت دری کے جرم میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ ان کی بگڑتی ہوئی صحت کے پیش نظر ان کی سزا کو معطل کرنے کی درخواست کو مسترد کر دیا۔ جسٹس سنجیو کھنہ اور دیپانکر دتہ کی بنچ نے راجستھان ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف آسارام کی عرضی پر فوری غور کرنے سے انکار کر دیا۔تاہم بنچ نے انہیں ہائی کورٹ میں نئی عرضی داخل کرنے کی اجازت دی۔ بنچ نے کہا کہ اگر ایسی کوئی درخواست آتی ہے تو اس پر غور کیا جائے گا اور ہائی کورٹ اہم اپیل کی جلد سماعت کر سکتی ہے۔سپریم کورٹ نے آسارام سے کہا کہ وہ پولیس حراست میں آیورویدک علاج کی درخواست کے ساتھ راجستھان ہائی کورٹ سے رجوع کریں۔ میرٹ پر تبصرہ کیے بغیر عدالت عظمیٰ نے اپنے حکم میں واضح کیا کہ پولیس کی تحویل میں علاج کی اجازت دینے کی ریاست کی تجویز کو قبول کرنے کے پیش نظر آسارام کو آیورویدک اسپتال میں علاج کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی آزادی ہوگی۔