آری ہل محاصرہ ختم پلوامہ ٹائون کی 2بستیوں میں تلاشیاں

 مشتاق الاسلام

پلوامہ //آری ہل پلوامہ میں فوج اور ملی ٹینٹوں کے مابین جمعرات کی شام ہوئی مسلح جھڑپ میں مارے گئے ملی ٹینٹ کی شناخت کفایت ایوب الائی ولد محمد ایوب الائی ساکن پنجورہ شوپیان کے بطور ہوئی ۔پولیس کا کہنا ہے کہ کفایت ایوب ممنوعہ تنظیم لشکر طیبہ سے وابستہ تھا اور انہوں نے امسال4 اکتوبر کو ملی ٹینٹوں کی صفوں میں شمولیت اختیار کی تھی۔یاد رہے کہ جمعرات کو پولیس، 44 آر آر اور سی آر پی ایف 182 بٹالین کی مشترکہ ٹیم نے نیو کالونی آری ہل کو شام کے وقت محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔

 

جہاں ایک میوہ باغ میں بنائے گئے عارضی ٹین کے شیڈ میں موجود ملی ٹینٹ اور فورسز کے درمیان گولیوں کا مختصر تبادلہ ہوا جس میں مذکورہ ملی ٹینٹ مارا گیا۔پولیس ریکارڈ کے مطابق مہلوک دہشت گردی سے متعلق کئی جرائم میں ملوث تھا اور اس کے خلاف پولیس اسٹیشن شوپیان میں کئی مقدمے درج ہیں’۔بیان کے مطابق جائے انکائونٹر سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد بر آمد کیا گیا جس میں ایک پستول، 2 میگزین، 5 آر ڈی ایس اور 2 گرینیڈ شامل ہیں۔ادھرپولیس، 55 آر آر اور سی آر پی ایف نے جمعہ کو قصبہ پلوامہ کے ڈانگر پورہ اور ملک پورہ بستیوں کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی عمل میں لائی۔سیکورٹی فورسز نے قصبہ کے اہم راستوں پر ناکے بٹھا دئے اور ملک پورہ اور ڈانگرپورہ کے داخلی اور خارجی راستوں کو مکمل طور سیل کردیا ۔قریباً تین گھنٹوں تک جاری خانہ تلاشیوں کے بعد نماز جمعہ سے قبل محاصرہ ختم کردیا گیا۔