۔ 3مارچ تک موسم غیر موافق رہیگا،بالائی علاقوں میں بھاری برفباری کی پیش گوئی
سرینگر// موسمیاتی مرکز سرینگر نے بدھ کو 3 مارچ تک جموں و کشمیر کے بیشتر مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔سرینگر ڈائریکٹوریٹ کے مطابق’’ 3 مارچ سہ پہرتک جموں و کشمیر کے بیشتر مقامات پر 2 مارچ کوبہت زیادہ سرگرمی کے ساتھ وسیع پیمانے پر درمیانی بارش/برفباری متوقع ہے”۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر اور جموں ڈویژن کے پیر پنچال رینج کے چند اونچے علاقوں میں اس دوران بھاری سے بہت زیادہ برفباری ہو سکتی ہے۔موسلا دھار بارش اور برف باری سیزندگی درہم برہم ہوسکتی ہے۔
ادھر کشمیر ویدر کے مطابق ایک مضبوط ویسٹرن ڈسٹربنس کی وجہ سے جموں و کشمیر کے بیشتر حصوں میں کل شام سے 3 مارچ تک اعتدال سے لے کر بہت بھاری بارش اور برف باری کا قوی امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ29 فروری رات گئے تک ابر آلود آسمان کیساتھ زیادہ تر حصوں میں بارش/برف کی سرگرمیاں شروع ہو سکتی ہیں۔یکم مارچ کو میدانی علاقوں میں اعتدال سے بھاری بارش کی توقع ہے جبکہ جموں و کشمیر کے اونچے علاقوں میں بھاری سے بہت بھاری برفباری متوقع ہے۔2 مارچ کوکشمیر کے بیشتر میدانی علاقوں میں دیر دوپہر تک موسلادھار بارش پھر جموں و کشمیر کے بالائی علاقوں میں بہت بھاری برفباری کے ساتھ سرینگر شہر سمیت برف باری میں تبدیل ہو سکتی ہے۔ جموں کے بیشتر میدانی علاقوں میں بھی موسلادھار بارش کی توقع ہے۔3 مارچ کو موسم میں بہتری کی طرف شام تک ہلکی سے درمیانی برف/بارش کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے بالائی علاقوں میں 2-6 فٹ تک برف جمع ہو سکتی ہے۔ سیاحتی مقامات جیسے گلمرگ، سونمرگ، پہلگام اور دودھ پتھری میںاس دوران 2-4 فٹ تک برف باری کا امکان ہے۔غیر موافق موسمی تبدیلی سے شدید بارش کے دوران قومی شاہراہ کے کئی علاقوں پر پتھر اور پسیاں گرنے کا احتمال ہے۔ برف جمع ہونے کی وجہ سے شاہراہیںخاص طور پر سرینگر لداخ ، مغل روڈ اور دیگر بڑی سڑکوں پر عارضی خلل کا باعث بن سکتا ہے۔