آئی جی بی ایس ایف نے گریز میں اگلی چوکیوں کا دورہ کیا

سری نگر//بارڈر سیکورٹی فورسز کے آئی جی نے منگل کے روز گریز میں اگلی چوکیوں کا دورہ کیا اور وہاں پر آفیسران کے ساتھ سرحدوں کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔
بی ایس ایف کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ’منگل کے روز آئی جی بی ایس ایف نے شما لی کشمیر کے سرحدی علاقے گریز کا دورہ کیا‘ ۔
انہوں نے کہا کہ اگلی چوکیوں کے معائنہ کے دوران آئی جی بی ایس ایف کو آفیسران نے سرحدوں کی صورتحال کے بارے میں مکمل جانکاری فراہم کی ہے۔
ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف بی ایس ایف نے بعد میں آفیسران کی ایک میٹنگ کے دوران فوج کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا ۔
ذرائع نے بتایا کہ آئی جی بی ایس ایف نے میٹنگ کے دوران آفیسران کو ہدایت دی کہ پاکستان کے عزائم کو ناکام بنانے کی خاطر سرحدوں پر مزید چوکسی بڑھانے کی ضرورت ہے۔
آئی جی نے میٹنگ کے دوران بتایا کہ حد متارکہ کی صورتحال پر روزانہ کی بنیاد پر جانکاری فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مشکوک افراد کی نقل وحرکت پرخصوصی نظر گزر رکھنے کی ضرورت ہے۔
اُن کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بی ایس ایف جوان سخت موسمی صورتحال کے باوجود بھی اپنے فرائض خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے بی ایس ایف اور فوج کے درمیان قریبی تال میل بنائے رکھنے پر بھی زور دیا ہے ۔
بتادیں کہ لائن آف کنٹرول پر در اندازی کے واقعات پر روک لگانے کی خاطر مرکزی حکومت کی جانب سے زمینی سطح پر اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔