آئی ایس آئی ایس کی دہشت گردانہ حملوں کی سازش | این آئی اے کے ملک میں44مقامات پرچھاپے

نئی دہلی/عظمیٰ نیوزڈیسک/ قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے دہشت گرد تنظیم آئی ایس آئی ایس کی طرف سے ملک بھر میں دہشت گردانہ حملوں کو انجام دینے کی سازش سے متعلق ایک معاملے میں سینچر کو چھاپے مارے۔ این آئی اے کرناٹک اور مہاراشٹر میں تقریباً 44 مقامات پر چھاپے ماررہی ہے۔ این آئی اے حکام نے کرناٹک میں 1، پونے میں 2، تھانے گاؤں میں 31، تھانے شہر میں 9 اور بھئیندر میں ایک مقام پر چھاپہ مارا۔ اس دوران حکام نے 13 افراد کوحراست میں لیاہے۔این آئی اے، ہندوستان میں دہشت گردی اور تشدد پھیلانے کے لیے دہشت گرد تنظیم کی منصوبہ بندی کو ناکام بنانے کے لیے ایک جامع تحقیقات کررہی ہے۔این آئی اے کی ٹیم نے مہاراشٹر کے کولہاپور ضلع میں ملزم راہول تانا جی پاٹل عرف ‘‘جاوید’’، اتر پردیش کے شاہجہاں پور ضلع میں وویک ٹھاکر عرف ‘‘آدتیہ سنگھ’’ اور کرناٹک کے بلاری ضلع میں مہیندر سے جڑے کئی مقامات کی تلاشی لی۔