آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران برف و باراں کا امکان

سری نگر//وادی کشمیر میں سخت ترین سردیوں کے لئے مشہور چلہ کلان اور چلہ خورد کا دور اقتدار ختم ہونے کے باوجود بھی شبانہ سردیوں کا زور برابر جاری ہے۔
 
ادھر محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں ہلکے درجے کی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ وادی میں دو اور تین مارچ کو بالائی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری اور میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں متوقع ہیں۔
 
ان کا کہنا تھا کہ تاہم پانچ مارچ تک کسی بھاری برف باری کا کوئی امکان نہیں ہے۔
 
وادی میں ابر آلود موسم کے بیچ شبانہ درجہ حرارت مسلسل نقطہ انجماد سے نیچے درج ہو رہا ہے۔
 
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
 
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت میں نمایاں بہتری واقع ہوئی ہے۔
 
گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کم سے کم درجہ حرارت منفی8.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔