GK Communications Pvt. Ltd
Edition :
  صفحہ اوّل
سرکاری اردواکیڈیمی کاقیام ہنوز سراب
سفارشاتی مسودہ محکمہ پلاننگ کی سردمہری کی نذر

سرینگر//ریاست کی سرکاری زبان اُردوکی زبو ں حالی پر ترس کھا کر موجودہ حکومت نے سال 2010میں اگر چہ’’ جموں کشمیر اردو اکیڈیمی‘‘کے قیام کا اعلان کیا تھا لیکن متعلقہ حکام کی لاپرواہی اور سست رفتاری کی وجہ سے یہ اعلان محض سراب ہی ثابت ہوا۔اس ضمن میں صورتحال کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس ضمن میں حکومت کو پیش کیا گیا ’’ سفارشاتی مسودہ ‘‘دربارمو منتقلی کے عمل کیساتھ جموں سے سرینگر اور سرینگر جموں ہچکولے کھا رہا ہے۔ ایک اعلیٰ آفیسرنے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وزیرا علیٰ نے اکیڈیمی کے قیام کے سلسلے میں محکمہ پلاننگ سے15 دنوں کے اندر اندر رپورٹ پیش کرنیکی ہدایت دی تھی لیکن حیرت انگیز طور پرکئی ماہ گزرنے کے باوجود محکمہ نے وزیر اعلیٰ کے ہدایات کی تعمیل نہیں کی۔واضح رہے کہ 2010 میںحکومت نے اردو ‘ جیسے جموں کشمیر میں سرکاری زبان کا درجہ حاصل ہے ‘ کی تر ویج اور فروغ کیلئے ’’ جموں کشمیر اردو اکیڈیمی ‘‘ قائم کرنیکا اعلان کیاتھا اور اسکے قیام کیلئے ایک کمیٹی (کمیٹی برائے اردو اکیڈیمی) محمد یوسف ٹینگ کی سربراہی میں تشکیل دی گئی تھی ۔ مذکورہ کمیٹی نے محکمہ ا علیٰ تعلیم کی ہدایت پر ایک سفارشاتی مسودہ تیار کر کے حکومت کو پیش کیا تھا۔ اس سلسلے میں استفسار کرنے پر ٹینگ نے بتایا’’ریاست کے سر کردہ ماہرین لسانیات ‘ ادیبوں‘ شعرا اور محققین پر مشتمل اس کمیٹی نے دو الگ الگ اہم اجلاس کے بعد 36نکات پر مشتمل ایک سفارشاتی رپورٹ محکمہ اعلیٰ تعلیم کو پیش کی ہے ۔‘‘ انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے یہ رپورٹ 2010میں ہی مذکورہ محکمہ کو وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر دی تھی لیکن فی الوقت یہ رپورٹ ایک محکمہ سے دوسرے محکمہ کے چکر کاٹ رہی ہے ۔ٹینگ ،جو اس وقت ڈپٹی سپیکر قانون ساز کونسل ہیں ‘ نے مزیدبتایا ’’ کمیٹی اپنا رول ادا کر چکی ہے اب گیند محکمہ اعلیٰ تعلیم کے پالے میں ہے، تاہم میں نے بطور ممبرقانون ساز کونسل اس اکیڈیمی کے بارے میں دو مرتبہ بحث کی لیکن ابھی تک کو ئی مثبت نتیجہ دیکھنے کو نہیں ملا۔‘‘ اس حوالے سے جب محکمہ اعلیٰ تعلیم کی طرف سے مقرر اردو اکیڈیمی کے خصوصی آفیسر ایس بابرایہ ‘ ایڈ یشنل سکریٹری محکمہ اعلیٰ تعلیم سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ در اصل فائل کافی دیر سے محکمہ پلائنگ کے پاس ہے اور میں فائل کا سٹیٹس معلوم کر کے ہی اس موضوع پر کوئی تبصرہ کر سکتا ہوں۔‘‘

 

یہ صفحہ ای میل کیجئے پرنٹ کریں












سابقہ شمارے
  DD     MM     YY    


 


© 2003-2014 KashmirUzma.net
طابع وناشر:رشید مخدومی  |  برائے جی کے کمیونی کیشنزپرائیوٹ لمیٹڈ  |  ایڈیٹر :فیاض احمد کلو
ایگزیکٹو ایڈیٹر:جاوید آذر  | مقام اشاعت : 6 پرتاپ پارک ریذیڈنسی روڑسرینگرکشمیر
RSS Feed

GK Communications Pvt. Ltd
Designed Developed and Maintaned By