GK Communications Pvt. Ltd
Edition :
  صفحہ اوّل
کھٹوعہ میں مسلم آبادی پر حملے
جمعہ کو ٹنل کے آر پار احتجاج کیا جائے:مشترکہ قیادت

سرینگر //مشترکہ آزادی پسند قیادت سیدعلی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک نے جموں میں مسلمان بستیوں پر ہورہے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے جموں کشمیر کے مقامات بشمول وادی چناب، جموں، ودای گول گلاب گڑھ، پونچھ، راجوری، بانہال، ڈوڈہ، کشتواڑ، بھدرواہ، رام بن، ادھمپور، کرناہ، اوڑی، گریز وغیرہ میں رہنے والے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کل جمعتہ المبارک کو نماز کے بعد ’’یومِ یکجہتی جموں‘‘ کی مناسبت سے پُرامن احتجاج کریں۔ قائدین نے کہا کہ گزشتہ 70سال سے جموں کے مسلمان خوف و ہراس کے ماحول میں زندگی گزارنے پر مجبور کئے جارہے ہیں ۔ 1947میں 5؍لاکھ مسلمانوں کی گردن زنی کرکے انسانی لہو کے پیاسوں کو تسکین نہیں ہوئی ،اس لئے وہ کبھی ایک اور کبھی دوسرے بہانے سے ان کو صفحہ ہستی سے مٹانے میں مصروف ہیں۔قائدین نے کہا کہ کٹھوعہ کے مسلمانوں کے غم میں ریاستی اسمبلی میں ٹسوے بہانے والے کے آبائو اجداد نے اپنی آنکھوں کے سامنے لاکھوں مسلمانوں کو قتل ہوتے دیکھا ۔اُن کی دردناک چیخیں اور آہ و بکا اپنے کانوں سے سنی لیکن کرسی کی لالچ میں اپنے ضمیر کا سودا کرنے والے بھارتی سفاکیت کی کلہاڑی کے یہ مقامی دستے خاموش بت بنے رہے،نہ تو ان کی انسانی حس ہی جاگی اور نہ ہی کشمیریوں کا گرتا ہوا لہو ان کو اپنی طرف متوجہ کرسکا۔ قائدین نے کہا کہ ہند نواز ٹولے نے ہمیشہ لاشوں پر ہی اقتدار کی کرسی حاصل کی ہے۔ اسمبلی میں ایک دوسرے کو ’’قاتل‘‘ قرار دے کر یہ اس بات کا ثبوت دے رہے ہیں کہ کشت وخون اور دہلی کی غلامی کے حمام میں یہ سب ننگے ہیں اور ہر کسی کو اقتدار میں رہنے کے لیے دہلی دربار میں ہمارے معصوموں کی لاشوں کی سوغات پیش کرنی پڑتی ہے۔ قائدین نے کہا کہ جس ایوان میں سینکڑوں بے گناہوں کے خون آلود قبائیں زیب تن کئے ہوئے سفاکوں کی فوج ہی مقتولوں کے لیے قوانین بنارہے ہوں وہاں کسی خیر کی کوئی امید رکھنا عبث ہے۔جموں کے مسلمانوں کے ساتھ کل یومِ یکجہتی منانے کی اپیل کرتے ہوئے قائدین نے کہا کہ نماز جمعہ کے بعد پُرامن احتجاج کے ذریعے ہم بحیثیت قوم جموں کے اپنے بھائیوں کو ایک واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم سب ایک جسدِ خاکی کی طرح یکسو ہیں اور آپ پر آئی کوئی بھی آفت ہم سب کے لیے سوہان روح ہے۔ ائمہ مساجد حضرات اور علمائِ سے اپیل کی گئی کہ وہ فرقہ پرستوں کی اس گھناؤنی سازش کو عوامی عدالت میں ننگا کرکے اپنے فرضِ منصبی اور منبرومحراب کا حق ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو ’’تکلیف‘‘ قرار دینے والے اچھی طرح جانتی ہے کہ اسی ’’مسئلے اور تکلیف‘‘ کی وجہ سے ہی ان لوگوں کو اقتدار کے مزے لوٹنے کا موقع مل رہا ہے۔

 

یہ صفحہ ای میل کیجئے پرنٹ کریں












سابقہ شمارے
  DD     MM     YY    


 


© 2003-2017 KashmirUzma.net
طابع وناشر:رشید مخدومی  |  برائے جی کے کمیونی کیشنزپرائیوٹ لمیٹڈ  |  ایڈیٹر :فیاض احمد کلو
ایگزیکٹو ایڈیٹر:جاوید آذر  | مقام اشاعت : 6 پرتاپ پارک ریذیڈنسی روڑسرینگرکشمیر
RSS Feed

GK Communications Pvt. Ltd
Designed Developed and Maintaned By