GK Communications Pvt. Ltd
Edition :
  شھرنامہ
پیران پیرؒ کی تعلیمات پر عمل ہی ہماری قدر ومنزلت کا باعث:یاسین ملک


سرینگر// لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے بقعہء عالیہ غوثیہ سرائے بالا سری نگر میں موجود لوگوںسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنے اسلاف کی نسبت کو نظر انداز کرکے اپنے لئے ان گنت مصیبتیں مول لی ہیں۔اگر ہمیں اپنی تکالیف ،مصائب، آلام اور تنگ دامنیوں سے نجات پانی ہے تو ہمیں اپنے اسلاف اور بزرگوں کی حیات طیبہ کو اپنانے کی کاوشیں کرنا ہونگی ۔ حضرت پیر پیران شیخ سید عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ کی سیرت پاک کا حوالہ دیتے ہوئے محمدیاسین ملک نے کہا کہ پیران پیر ؒ نے مسلمانوں کی علمی ،روحانی، سماجی اور الغرض زندگی کے ہر شعبے میں قیادت و سیادت کی۔انہوں نے ہمیں دین اور ایمان کی نعمت سے بہرہ مند کرنے کے ساتھ ساتھ باغیرت زندگی گذارنے،عزت و وقار کیلئے میدان عمل میں کود جانے اور سرور کائنات ﷺ کے فرمودات کو آنکھوں کا سرمہ اور سر کاتاج بنالینے کی جانب راغب کیا لیکن شومئی تقدیر کہ ہم نے اپنے ان روحانی پیروں کے فرمودات کو یکسر نظر انداز کیا اور اپنے لئے ذلت،گمراہی اور تباہ حالی مول لے لی ۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہمارے اسلاف نے ہمیں وحدت اور اخوت کا درس دیا ہے اور جو لوگ بزرگوں اور سلف صالحین کے نام پر مسلکی فسادات کو فروغ دینے کی کوششیں کررہے ہیں وہ دین متین اور ملت قوم کشمیر کے بھی واضح دشمن ہیں۔ یاسین ملک نے کہا کہ جموں کشمیر کے لوگ ایک مقدس تحریک چلارہے ہیں۔ یہ جدوجہد ہمارے مستقبل کے تعین و تعمیر کی جدوجہد ہے۔ ہم نے اس جدوجہد میں بے شمار قربانیاں دی ہیں اور آج تک یہ سلسلہ جاری ہے۔ حق و انصاف اور سچائی و صداقت کیلئے لڑنے کا یہ درس اور جذبہ بھی ہمیںشیخ محترم رحمۃاللہ علیہ جیسے مقدس ہستیوں سے ملا ہے۔ ہمارے ان روحانی قائدین نے ہمیں درس دیا ہے کہ ظلم و جبر کے خلاف مزاحمت کے دوران ہم یکسوئی اور اتحاد کے ساتھ ڈٹے رہیں اور کبھی بھی منافقانہ رویہ یا دوچہرے والا طریقہ نہ اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ یکسوئی،غیر منافق طرز عمل،اتحاد و اتفاق اور جابروں و ظالموں کے خلاف لڑتے ہوئے ڈٹ کر حق کے راستے پر چلتا رہناہی ہمیں ہماری منزل مقصود تک پہنچائے گا اور ان شاء اللہ ہمیں آزادی نصیب ہوجائے گی۔

 

یہ صفحہ ای میل کیجئے پرنٹ کریں












سابقہ شمارے
  DD     MM     YY    


 


© 2003-2017 KashmirUzma.net
طابع وناشر:رشید مخدومی  |  برائے جی کے کمیونی کیشنزپرائیوٹ لمیٹڈ  |  ایڈیٹر :فیاض احمد کلو
ایگزیکٹو ایڈیٹر:جاوید آذر  | مقام اشاعت : 6 پرتاپ پارک ریذیڈنسی روڑسرینگرکشمیر
RSS Feed

GK Communications Pvt. Ltd
Designed Developed and Maintaned By