تازہ ترین

دہائیاں پرانے کیس میں گرفتار سینئر صحافی غلام جیلانی قادری ضمانت پر رہا

 سرینگر/سرینگر کی ایک عدالت نے منگل کو سینئر صحافی غلام جیلانی قادری کو ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات صادر کرلئے۔ اس سے قبل گذشتہ رات کے دوران پولیس نے شبانہ چھاپے کے دوران غلام جیلانی قادری کو گرفتار کیا تھا۔ قادری سرینگر سے شائع ہونے والے اُردو روزنامہ 'آفاق 'کے پرنٹر پبلشر ہیں۔ پولیس نے62سالہ سینئر صحافی کو اُن کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق کیس کی اگلی شنوانی 31جولائی کو مقرر کی گئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق قادری کی گرفتاری اُن کیخلاف نوے کی دہائی میں درج کیس کے سلسلے میں عمل میں لائی گئی تھی۔ قادری کیخلاف 1992میں ایک کیس درج کیا گیا تھا جب وہ'' جموں کشمیر نیوز'' نام کی ایک ایجنسی چلارہے تھے ۔    

بانہال اور مینڈھر میں منشیات ضبط، دو افراد گرفتار: پولیس

  سرینگر/جموں کشمیر پولیس نے منگل کو بانہال اور ضلع پونچھ کے مینڈھر علاقے میں دو افراد کی گرفتاری عمل میں لاتے ہوئے اُن کے قبضے سے منشیات ضبط کرنے کا دعویٰ کیا۔  پولیس کے مطابق بانہال میں منشیات کا دھندہ کرنے والے ایک شخص کو500گرام ہیروئن کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے کہا کہ انہوں نے ٹی چوک پر ایک ناکہ لگایا تھا جس کے دوران ریلوے سٹیشن سے آنے والے ایک شخص کی تلاشی لے کر اُس کے قبضے سے 500گرام ہیروئن ضبط کیا گیا۔ پولیس نے گرفتار شدہ کی شناخت امین محمد ولدرشید احمد ساکنہ کرمچی ، ضلع اُدھمپورکے طور کرتے ہوئے کہا کہ اُس نے ہیروئن کشمیر سے لائی تھی جس کو وہ بانہال میں بیچنے والا تھا۔ اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ پولیس نے کہا کہ اُنہوں نے ضلع پونچھ کے مینڈھر علاقے میں ایک منشیات فروش کو500گرام چرس سمیت دھر لیا۔ پولیس کے مطابق یہ ض

وسطی کشمیر کے بیروہ میں شہری بجلی کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل

سرینگر/وسطی کشمیر کے بیروہ میں منگل کو ایک شہری بجلی کا کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل بن گیا۔  شبیر احمد ملک ولد غلام محمد ملک ساکنہ موچھن ،گائوں کا لمبردار تھا جو بجلی ٹرانسفارمر ٹھیک کرتے ہوئے کرنٹ کا شکار بن گیا۔ ملک اس حادثے میں زخمی ہوگیا تاہم جب اُسے سب ڈسٹرکٹ اسپتال بیروہ پہنچایا گیا تو ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا۔ مقامی لوگوں نے الزام عاید کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمہ جب ٹرانسفارمر ٹھیک کرنے میں ناکام رہا تو لمبردار نے خود ہی اس کو ٹھیک کرنے کی ٹھان لی جس کے دوران اُس کی جان چلی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹرانسفارمر ٹھیک کرنے سے قبل ملک نے محکمہ کو مطلع کیا تھا کہ وہ بجلی کی سپلائی بند کریں جس کے بعد سپلائی کاٹی گئی تھی تاہم جب وہ ٹرانسفارمر ٹھیک کرنے میں مشغول تھا تو اسی دوران بجلی بحال ہوگئی اور وہ لقمہ اجل بن گیا۔ مقامی لوگوں کے مطابق یہ گذشتہ چھہ ماہ کے د

شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع میں نوجوان کی لاش نالے سے بر آمد

سرینگر/مقامی لوگوں نے انتھک کوششوں کے بعد گذشتہ شب شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع میں ایک نالے سے نوجوان کی لاش بر آمد کرلی۔ یہ لاش کلوسہ میں واقع مدومتی نالے سے دوران شب بر آمد کی گئی۔ ذرائع کے مطابق دانش منظور ولد منظور احمد وا نی کی لاش بر آمد کرنے کیلئے ماہر غوطہ خوروںنے آپریشن نصب شب بند کیا گیا تھا تاہم مقامی لوگوں نے فایئر اینڈ ایمر جنسی اہلکاروں کے ہمراہ کوششیں جاری رکھیں اور وہ لاش بر آمد کرنے میں کامیاب بھی ہوگئے۔  

شبانہ پولیس چھاپے میں سینئر صحافی غلام جیلانی قادری گرفتار

 سرینگر/پولیس نے شبانہ چھاپے کے دوران سرینگر سے شائع ہونے والے اُردو روزنامہ 'آفاق 'کے پرنٹر پبلشر، غلام جیلانی قادری کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے62سالہ سینئر صحافی کو اُن کی رہائش گاہ سے گرفتار کرلیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق قادری کی گرفتاری اُن کیخلاف نوے کی دہائی میں درج کیس کے سلسلے میں عمل میں لائی گئی ہے۔ قادری کیخلاف 1992میں ایک کیس درج کیا گیا تھا جب وہ'' جموں کشمیر نیوز'' نام کی ایک ایجنسی چلارہے تھے ۔  اس کیس میں شامل مزید تین صحافی پہلے ہی فوت ہوچکے ہیں۔ قادری کو اطلاعات کے مطابق آج عدالت کے سامنے پیش کیا جارہا ہے۔ ذرائع نے کہا کہ قادری گذشتہ رات کم و بیش ساڑھے گیارہ بجے گھر پہنچے جس کے بعد ایک پولیس پارٹی نے آکر اُنہیں گرفتار کیا۔  

وزیر داخلہ امت شاہ 26جون کو ریاستی دورے پر پہنچ رہے ہیں

سرینگر/مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اس ماہ کی26تاریخ یعنی بدھ کو جموں کشمیر کے دو روزہ دورے پر پہنچ رہے ہیں۔ اس سے قبل شاہ کا دورۂ جموں کشمیر30جون کو طے تھا۔تاہم بعض مصروفیات کی وجہ سے اُن کا دورہ اب پہلے ہی طے کیا گیا ہے۔ شاہ سرینگر میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کے دوران حفاظتی صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ بھاجپا کارکنان کے ساتھ بھی میٹنگ کریں گے۔ وہ ریاستی گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ بھی ایک اہم میٹنگ کرنے والے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ امت شاہ امرناتھ گپھا کا بھی دورہ کرکے وہاں خصوصی پوجا پارٹ کریں گے۔ یہ امت شاہ کا وزیر داخلہ کی حیثیت سے پہلا ریاستی دورہ ہوگا۔  

شمالی کشمیر کے سوپور میں منشیات فروش گرفتار:پولیس

 سرینگر/ پولیس کی طرف سے سوموار کو جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ سوپور پولیس نے منشیات فروش کی گرفتاری عمل میں لا کر اس کے قبضے سے ممنوعہ نشیلی اشیابرآمدکرکے ضبط کی ہے۔ بیان کے مطابق انچارج پولیس پوسٹ فروٹ منڈی کی قیادت میں پولیس ٹیم نے ناکہ چیکنگ کے دوران تنویر احمد ڈار ولد غلام حسن ساکنہ ربن سوپور کو روک کر اس کی جامہ تلاشی جس دوران اس کے قبضے سے 115گرام چرس برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔  پولیس ٹیم نے موقع پر ہی منشیات فروش کو حراست میں لے کر اس کے خلاف ایک ایف آئی آر زیر نمبر 172/2019کے تحت پولیس اسٹیشن سوپور میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔  

گلمرگ گنڈولہ کیش کائونٹر سے50 لاکھ روپے کی رقم چوری

بارہمولہ /عالمی شہرت یافتہ سیاحتی مقام گلمرگ میں چوری کا ایک بڑ ا واقعہ پیش آگیا ہے اور اس واقعہ میں نامعلوم افراد گنڈولہ کائونٹر سے50 لاکھ روپے کے قریب رقم لوٹ کرفرار ہوگئے ہیں۔  ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اتوار اور سوموار کی درمیانی رات کو نامعلوم چوروں نے گلمرگ گنڈولہ کائونٹر سے پچاس لاکھ روپے نقدی لوٹ لئے ۔  ذرائع کے مطابق سی سی ٹی وی کیمرہ سے بھی چوروں کو دیکھا گیا ہے اوراس سلسلے میں گلمرگ پولیس نے ایک کیس زیر ایف ائی آر نمبر 5/2019 درج کرکے چوروں کی تلاشی بڑے پیمانے پر شروع کردی ہے ۔  منیجنگ ڈاریکٹر گلمرگ کیبل کار ،پروجیکٹ شمیم احمد نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ گنڈولہ کیش کائونٹر سے 50 لاکھ روپے کی چوری ہوگئی ہے جس کی تحقیقات کی جارہی ہے ۔  

حریت کا بات چیت کے بارے میں مؤقف نرم کرنا باعث اطمینان: محبوبہ

سرینگر/سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے سوموار کو کہا ''یہ باعث راحت ہے کہ حریت کانفرنس نے بات چیت سے متعلق اپنا مؤقف نرم کیا ہے''۔انہوں نے اس بارے میں فارسی کے ایک مشہور قول کا سہارا لیتے ہوئے کہا''دیر آید درست آید''۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں لکھا ''پی ڈی پی اور بھاجپا کے مابین اتحاد کا بنیادی مقصد حریت اور مرکز کے مابین بات چیت کی راہ ہموار کرنا تھا۔میں نے اس سلسلے میں بہت کوشش کی لیکن ناکام رہی، بحرحال، دیر آید درست آید کے مصداق یہ باعث راحت ہے''۔ اس سے قبل ریاستی گورنر ستیہ پال ملک نے انکشاف کیا کہ حریت لیڈران مرکز کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہیں جس کے رد عمل میں حریت کانفرنس (ع)کے چیئر مین میرواعظ عمر فاروق نے بھی مذاکرات کے بارے میں مثبت بیان دیا۔    

شمالی کشمیر کے سوپور علاقے میں گائوں کافورسز محاصرہ اور تلاشی آپریشن

سرینگر /فورسز نے سوموار کو شمالی کشمیر کے سوپور علاقے میں واقع ڈورو نامی گائوں کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن کا آغاز کیا۔ اطلاعات کے مطابق ضلع بارہمولہ میں فورسز کا یہ آپریشن فوج، سی آر پی ایف اور ایس او جی اہلکاروں کی طرف سے مشترکہ طور شروع کیا گیا ۔ حکام کے مطابق فورسز کو ڈورو میں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی جس کے بعد فورسز کارروائی عمل میں لائی گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق گائوں میں گھر گھر تلاشی کا سلسلہ جاری ہے۔  

کشمیر میں چناروں پر اشتہارات کی تنصیب پر سرکار کی پابندی

سرینگر/سرکار نے وادی کشمیر میں چنار کے درختوں پر اشتہارات نصب کرنے پر پابندی عاید کی ہے۔ اس سلسلے میں حکومت کی طرف سے جاری ایک حکمنامے کے مطابق متعلقہ ادارے کو یہ شکایات موصول ہورہی تھیں کہ تعلیمی ادارے،کوچنگ انسٹی چیوٹس،انڈسٹریل اور ایسے ہی تجارتی ادارے چنار کے درختوں پر اپنے اشتہارات نصب کرکے قدرتی حسن کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ان سرختوں کیلئے بھی نقصان دہ ثابت ہوتے ہیں۔ آرڈر کے مطابق کشمیر کے صوبائی کمشنر نے تمام ضلع کمشنروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ چنار کے درختوں پر اشتہارات نصب کرنے پر عایدپابندی کو یقینی بنایا جائے اور چنار کے درختوں پر جو ہورڈنگس اور سائن بورڈ موجود ہیں اُنہیں فوری طور ہٹایا جائے۔  

جنوبی کشمیر کے پلوامہ میں ہڑتال کے دوران جھڑپیں، تین مظاہرین زخمی

سرینگر/جنوبی قصبہ پلوامہ میں سوموار کو تین نوجوان مظاہرین اُس وقت زخمی ہوگئے جب وہاں مظاہرین اور فورسز کے مابین جھڑپیں ہوئیں۔ اطلاعات کے مطابق پلوامہ قصبے میں نوجوانوں کی کئی ٹولیوں نے سڑکوں پر آکر فورسز اہلکاروں پر سنگباری کی۔ اطلاعات میں مزید بتایا گیا ہے کہ فورسز نے جواب میں آنسو گیس کے گولے داغے اور پیلٹ فائر کئے۔ ضلع اسپتال پلوامہ میں ذرائع کے مطابق وہاں تین نوجوانوں کوزخمی حالت میں پہنچایا گیا۔ دریں اثناء قصبے میں جنگجوئوں کی ہلاکت کیخلاف مکمل ہڑتال ہے۔ واضح رہے کہ نزدیکی ضلع شوپیان میں گذشتہ روز فورسز کے ساتھ معرکہ آرائی کے دوران چار مقامی جنگجو جاں بحق ہوگئے تھے۔  

جموں کشمیر سے متعلق امت شاہ کی پہلی بل آج پارلیمنٹ کے سامنے پیش ہونی متوقع

سرینگر /جموں کشمیر میں بین الاقوامی سرحد کے دس کلو میٹر احاطے میں رہنے والے شہریوں کو تعلیمی اداروں اور سرکاری نوکریوں میں ریزرویشن دینے سے متعلق ایک بل پارلیمنٹ میں سوموار کو پیش ہونی متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ مرکزی وزیر داخلہ  امت  شاہ کی پارلیمنٹ میں پیش کی جانے والی پہلی بل ہوگی جو اپنے بیان میں یہ بل فوراً پا س کرنے کے حق میں بیان بھی دیں گے ۔ اس کے علاوہ مرکزی وزیر قانون روی شنکر پرساد آدھار سے متعلق ایک بل پیش کریں گے۔ وزیر قانون لین دین سے متعلق ایکٹ میں ترمیم سے متعلق بھی ایک بل ایوان کے سامنے رکھیں گے۔  

کشتوار میں جنگجوئوں کو تلاشنے کیلئے تربیت یافتہ کتوں کی خدمات حاصل

سرینگر/فورسز نے سنیچر کو کشتوار کے جنگلات میں جنگجوئوں کو تلاشنے کیلئے تربیت یافتہ کتوں کی خدمات حاصل کرتے ہوئے جنگجوئوں کیخلاف اپنا آپریشن دوسرے روز بھی جاری رکھا۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز کشتوار کے کیشون علاقے میں جنگجوئوں اور فورسز کا آمنا سامنا ہوا تھا جس کے دوران طرفین کے مابین گولیوں کا تبادلہ بھی ہوا تھا۔ حکام کے مطابق جنگجوئوں اور فورسز کے مابین گولیوں کے تبادلے کے بعد جب جائے واردات کا معائینہ کیا گیا تو وہاں خون کے دھبے پائے گئے جس کے بعد تربیت یافتہ کتوں کی خدمات حاصل کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ آخری اطلاعات ملنے تک کشتوار کے جنگلی علاقے میں فورسز آپریشن جاری تھا۔    

میرواعظ عمر فاروق خانہ نظر بند

سرینگر/حکام نے سنیچر کو حریت کانفرنس (ع) کے چیئر مین میرواعظ عمر فاروق کو اُن کی رہائش گاہ واقع نگین میں خانہ نظر بند کیا۔ ایک ترجمان کے مطابق پولیس کی ایک ٹیم میر واعظ کی رہائش گاہ پر پہنچ گئی اُور اُنہیں مطلع کیا کہ وہ خانہ نظر بند ہیں۔ ترجمان کے مطابق پولیس نے تاہم اُن کی خانہ نظر بندی کی کوئی وجہ ظاہر نہیں کی۔  

کشتوار ضلع میں میٹاڈار گاڑی اُلٹنے سے 15 مسافر زخمی

سرینگر/کشتوار ضلع میں سنیچر کوکم سے کم15مسافر اُس وقت زخمی ہوگئے جب ایک میٹاڈار گاڑی بیچ سڑک پر اُلٹ گئی۔ اس حادثے میں زخمی ہونے والوں میں کچھ بچے بھی شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ فوگ موڑ علاقے میں اُس وقت پیش آیا جب کنڈی سے ایک میٹاڈار گاڑی کشتوار کی طرف جارہی تھی۔ پولیس ذرائع کے مطابق 15زخمی مسافروں کو ضلع اسپتال کشتوار پہنچایا گیا ہے جن میں گاڑی کا ڈرائیور بھی شامل ہے۔  

بانڈی پورہ میں آگ لگنے سے مسجد شریف کو نقصان

سرینگر/شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع میں ایک مسجد شریف آگ کی واردات میں نقصان سے دوچار ہوگئی۔ یہ واقعہ ضلع کے نوپورہ علاقے میں گذشتہ شب کے دوران پیش آیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق مسجد شریف کی تیسری منزل اس واردات میں مکمل طور خاکسترہوگئی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آگ بجھانے والے عملے کو بلایا گیا تھا تاہم آگ اتنی تیز تھی کہ اس نے آناً فاناً مسجد کی اُوپری منزل کو راکھ کردیا۔ آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ہے۔  

جنوبی ضلع پلوامہ میں فوج کی مبینہ فائرنگ میں آٹو ڈرائیور زخمی

سرینگر/جنوبی ضلع پلوامہ میں فوج کی مبینہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک آٹو ڈرائیور زخمی ہوگیا۔ یہ واقعہ گذشتہ شام دیر گئے اُس وقت پیش آیا جب فوج نے رومشی نالے کے قریب محمد شفیع گنائی ساکنہ وہی بگ ، جو اپنے آٹو میں جارہا تھا،کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن اُس نے فورسز کا اشارہ نظر انداز کیا۔ اطلاعات میں بتایا جارہا ہے کہ فوجی اہلکاروں نے فوری طور پر آٹو پر فائر کھولا جس سے محمد شفیع زخمی ہوگیا۔زخمی محمد شفیع کو بعد میں سرینگر میں قائم ہڈیوں کے اسپتال میں منتقل کیا گیا۔ فوج نے اس واقعہ کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی ہے۔  

بونیار اُوڑی میں مسلح تصادم ،ایک جنگجو جاں بحق ،معرکہ جاری

بارہمولہ /شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں اُوڑی علاقے میں واقع بوجتھالن بونیار میں سنیچر کوفورسز اور جنگجوئوں کے مابین ایک جاری معرکہ آرئی میں ایک جنگجو جاں بحق ہوگیا ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سنیچر کی صبح فوج کے 6جیکلائی سے وابستہ اہلکاروں نے بوجتھالن بونیار اوڑی علاقے کو جنگجووں کی موجودگی کی اطلاع پاتے ہیں محاصرے میں لیکر آپریشن کا آغاز کیا۔ اس دوران جنگجو ئوں نے فورسز پر فائرنگ کی اور فورسز کی جوابی فائرنگ میں ایک جنگجو جاں بحق ہوگیا ۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق معرکہ آرائی ابھی جاری تھی۔  

کشتوار کے جنگل میں فورسز اور جنگجوئوں کے مابین معرکہ آرائی کا آغاز

 سرینگر/کشتوار کے جنگل میں جمعہ کو فورسز اور جنگجوئوں کے مابین معرکہ آرائی شروع ہوگئی۔ یہ معرکہ اُس وقت شروع ہوگیا جب فورسز نے کیشون جنگل میں تلاشی آپریشن کا آغاز کیا۔ ایس ایس پی کشتوار شکتی کمار پاٹھک کے مطابق فوج اور ایس او جی اہلکاروں پر مشتمل ایک ٹیم نے کیشون جنگل میں تلاشی آپریشن شروع کیا جس کے دوران جنگجوئوں اور فورسز کا آمنا سامنا ہوا اور طرفین میں گولیوں کا تبادلہ ہوا۔ انہوں مزید کہا کہ فوری طور پر کسی کے جاں بحق یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔