تازہ ترین

اننت ناگ جنگجو حملے میں چینی ساخت کے اسٹیل کارتوس استعمال: رپورٹ

 سرینگر/ ایک میڈیا رپورٹ میں جمعرات کو اس بات کا انکشاف کیا گیا ہے کہ جنگجوئوں نے اننت ناگ میں 12جون کو فورسز پر اپنے حملے میں چین میں تیار کئے گئے اسٹیل  کارتوس استعمال میں لائے تھے۔ جنگجوئوں کے اس حملے میں پانچ سی آر پی ایف اہلکار اور پولیس کا ایک آفیسر ہلاک ہوئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جنگجوئوں نے اس حملے میں چین میں تیار کئے گئے کارتوس استعمال کئے تاکہ فورسز کو زیادہ سے زیادہ نقصان سے دوچار کیا جائے۔ ذی نیوز کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے چینی ساخت کے اسٹیل  کارتوس استعمال کرنے کا مقصد فورسز کو زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچانا تھا۔ رپورٹ کے مطابق اسٹیل کے بنے کارتوس فورسز کے بلٹ پروف جاکٹوں کو چیرتے ہوئے نکل گئے جس سے فورسز اہلکاروں کو کافی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ واضح رہے کہ جنگجوئوں نے کے پی روڑ اننت ناگ پر فور

راجوری میں عمارت ڈھ جانے سے ایک جاں بحق چھ زخمی

سرینگر/ضلع راجوری میں جمعرات کو ایک عمارت ڈھ جانے سے ایک شخص کی موت واقع ہوئی جبکہ اس حادثے میں چھ دیگر افراد زخمی ہوگئے۔ یہ واقعہ ضلع کے کالا کوٹ علاقے میں پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق کالا کوٹ میں ایک دو منزلہ عمارت اچانک ڈھ گئی اور اس نے سات افراد کو اپنی زد میں لایا۔ حادثے کے فوراً بعد جب بچائو کارروائیاں شروع کی گئیں تو ساتوں افراد کو زخمی حالت میں بر آمد کرکے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ایک کو مردہ قرار دیا۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے  

ڈوڈہ ہوسٹل میں اُستاد کے ہاتھوں طالب علموں کی پٹائی، ویڈیو وائرل

سرینگر/ڈوڈہ ضلع میں قائم گجر بکروال بائز ہوسٹل کے اندر اُستاد کے ہاتھوں طالب علموں کی پٹائی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اُستاد طالب علموں کے دیر سے کلاس میں پہنچنے پر ناراض تھا۔ ویڈیومیں اُستاد کو چھٹی، ساتویں، آٹھویں اور دسویں جماعت کے طالب علموں کو کم و بیش دس منٹوں تک پیٹتے ہوئے دکھایا جارہا ہے۔ میڈیا اطلاعات کے مطابق چائلڈ لائن کارڈی نیٹر میناکشی رینہ نے کہا ہے کہ اُستاد نے بچوں کو مارنے پیٹنے کا اعتراف کیا ہے اور اس سلسلے میں مزید تحقیقات ہورہی ہے۔  

وسطی کشمیر کے بڈگام میں نوجوان چلتی ریل سے کودنے کے بعد زخمی

سرینگر/وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں قدرے آہستہ چلنے والی ٹرین سے کود کر ایک نوجوان زخمی ہوگیا۔ یہ واقعہ گذشتہ شام نائدگام، بڈگام میں پیش آیا جب مدثر احمد بیگ نامی نوجوان نے اُس وقت ٹرین سے چھلانگ ماری جب اُس کی رفتار قدرے کم تھی۔ مدثر کو فوری طور پر شیر کشمیرمیڈیکل انسٹی چیوٹ، بمنہ منتقل کیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق مذکورہ مقام پر ٹرین آہستہ ہوجاتی ہے اور کئی سواریاں جلدی میں اُتر جاتی ہیں یا سوار ہوتی ہیں۔ مدثر بھی اُنہی میں شامل تھا جو گر کر زخمی ہوگیا۔  

سرینگر میں شراب سمیت ایک شخص گرفتار:پولیس

 سرینگر/پولیس نے بدھ کو اپنے ایک بیان میں بتایا کہ سرینگر پولیس نے ناکہ چیکنگ کے دوران غیر قانونی طور پر شراب کا کاروبار کرنے والے ایک شخص کو حراست میں لے کر اس کے قبضے سے شراب کی بوتلیں برآمد کرکے ضبط کیں۔ بیان کے مطابق ایس ایچ او، صورہ کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے مین چوک کے نزدیک ناکہ لگایا جس دوران مشتاق احمد شیخ ساکنہ کاچہامہ کرالہ پورہ کو روک کر اس کے قبضے سے شراب کی 21بوتلیں برآمد کرکے تحویل میں لے لی گئیں۔ پولیس نے معاملے کی نسبت ایف آئی آر زیر نمبر 48/2019کے تحت پولیس تھانہ صورہ میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔  

اوم برلا متفقہ طور 17ویں لوک سبھا کے اسپیکر منتخب

سرینگر/بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)کے رکن پارلیمنٹ اوم برلا بدھ کو اتفاق رائے سے 17 ویں لوک سبھا کے اسپیکر منتخب کئے گئے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ان کے نام کی تجویز پیش کی اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اس تجویز کی حمایت کی۔ اتفاق رائے سے اوم برلا کے لوک سبھا اسپیکر منتخب ہونے کے اعلان کے بعد وزیر اعظم مودی سمیت کئی اہم ممبران پارلیمنٹ اوم برلا کو لینے ان کی نشست تک گئے اور انہیں اسپیکر کی چیئر تک لائے۔ برلا راجستھان کے کوٹہ سے بی جے پی رکن پارلیمان ہیں۔کانگریس نے بھی اوم برلا کی امیدواری کی حمایت کی تھی۔اوم برلا کا سیاسی سفر دوہزار تین میں شروع ہوا ۔دوہزار چودہ میں انہوں نے پہلی بار لوک سبھا چنا ئولڑا اورکامیاب ہوئے۔دوہزارانیس میں بھی برلا نے شاندارجیت حاصل کی۔ برلا نے کانگریس کے رام نارائن مینا کوہرایا اور لگاتار دوسری بار رکن پارلیمنٹ بنے۔  اوم برلا کا سیاسی سفر س

سابق جموں وکشمیر بینک چیئر مین کی جائیدادوں پر انسداد رشوت ستانی بیورو کے چھاپے اور تلاشی

سرینگر/انسداد رشوت ستانی بیورو نے بدھ کو جموں کشمیر بینک کے سابق چیئر مین پرویز احمد کی جائیدادوں پر چھاپے مار کر تلاشیاں لیں۔ پرویز کو 8جون کے روز بینک کی سربراہی سے نکالا گیاتھا۔ ذرائع کے مطابق تلاشیاں تین پرائیویٹ مقامات پرلی گئیں جن میں اُن کارہاشی مکان بھی شامل ہے۔ انسداد رشوت ستانی بیورو کی ٹیم کے ساتھ مجسٹریٹ اور پولیس اہلکار بھی شامل تھے۔  

جنوبی ضلع شوپیان میں جنگجوئوں کے 5حمایتی گرفتار: پولیس

سرینگر/پولیس نے بدھ کو اپنے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ اُنہوں نے جنوبی ضلع شوپیان میں جنگجوئوں کے پانچ حمایتیوں کی گرفتاری عمل میں لائی جو فورسز کو دھماکہ خیز مواد کے ذریعے نشانہ بناے کا منصوبہ رکھتے تھے۔ پولیس نے گرفتار شدگان کی شناخت کرتے ہوئے کہا کہ ان میں عاقب نظیر راتھرساکنہ آونیرہ،عامر مجید وانی ساکنہ درپورہ،سمیر احمد بٹ ساکنہ شیرمال،فیصل فاروق آہنگر ساکنہ مولو چھتراگام اور رئیس احمد گنائی ساکنہ مولو ڈانگر پورہ  شامل ہیں۔ پولیس بیان میں مزید کہا گیا کہ گرفتار شدگان حزب المجاہدین سے وابستہ جنگجوئوں کے حمایتی ہیں جو فورسز کو دھماکہ خیز مواد کے ذریعے نشانہ بنانے کا منصوبہ رکھتے تھے۔ پولیس کے مطابق گرفتار شدگان کے انکشاف پر ایک بارودی سرنگ کو ضبط کیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں پولیس سٹیشن زینہ پورہ میں ایف آئی آر نمبر39/2019کیس درج کیا گیا ہے۔    

آرونی میں فورسز آپریشن کے دوران جھڑپیں،اننت ناگ میں انٹرنیٹ سروس معطل

سرینگر/جنوبی کشمیر میں بجبہاڑہ کے نزدیک واقع آرونی علاقے کو فورسز نے بدھ کے روز محاصرے میں لیکر آپریشن شروع کیا جس کے دوران وہاں مظاہرین سڑکوں پر آکر فورسز کے ساتھ متصادم ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق مظاہرین نے فورسز آپریشن ناکام بنانے کیلئے اہلکاروں پر سنگباری کی۔ حکام کے مطابق فورسز نے یہاں جنگجوئوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع کے بعد آپریشن شروع کر رکھا ہے۔ گو کہ آرونی ضلع کولگام کا حصہ ہے تاہم اننت ناگ کے نزدیک واقع ہونے کے پیش نظر حکام نے اننت ناگ ضلع میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی ہے۔  

دلی میں سکھ ڈرائیور کی مبینہ پٹائی کیخلاف جنوبی کشمیر کے ترال میں احتجاج

سرینگر/جنوبی کشمیر کے ترال میں بدھ کو دلی میں ایک کشمیری سکھ ڈرائیور کی مبینہ پٹائی کیخلاف احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق سکھ اور مسلم نوجوانوں نے بس اسٹینڈ ترال میںجمع ہوکر اس واقعہ کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔  مظاہرین نے سڑکوں پر ٹایئر جلائے اور فورسز پر سنگباری کی۔    

جھیل ولر میں کشتی اُلٹی، ماں بیٹی کو بچایا گیا

سرینگر/شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع میں واقع جھیل وُلر میں بدھ کو زوریمنز نامی گائوں کے نزدیک کشتی اُلٹنے کے بعد ماں بیٹی کو ڈوبنے سے بچالیا گیا۔ حکام کے مطابق ماں بیٹی ایک کشتی پر سوار تھیں کہ نیوی کیمپ کے نزدیک اُن کی کشتی اُلٹ گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیوی اہلکاروں نے فوری طور متحرک ہوکر بچائو کارروائی عمل میں لائی اور ماں بیٹی کو ڈوبنے سے بچالیا۔ مقامی ذرائع نے ماں بیٹی کی شناخت رفیقہ بیگم اور اس کی بیٹی لالی کے طور کرتے ہوئے کہا کہ وہ جھیل ولر کے راستے سوپور جارہی تھیں جب اُن کی کشتی اُلٹ گئی۔  

گاندربل حادثے میں زخمی نوجوان دم توڑ بیٹھا،مہلوکین کی تعداد2

سرینگر/وہ نوجوان جو گذشتہ روز وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں ایک سڑک حادثے کے دوران بری طرح زخمی ہوا تھا، بدھ کوشیر کشمیر میڈیکل انسٹی چیوٹ، صورہ میں دم توڑ بیٹھا۔ اس طرح اس حادثے میں مرنے والوں کی تعداد دو ہوگئی ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز ضلع گاندربل کے لار علاقے میں ایک ٹرک نے ایک موٹر سائیکل،  جس  پر  دو  نوجوان  سوار  تھے، کو ٹکر ماری تھی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار عذیر احمد لون جاں بحق ہوا تھاجبکہ اس کا ساتھی اُصید یوسف ساکنہ ددرہامہ گاندربل کو زخمی حالت میں صورہ پہنچایا گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق اُصید آج صبح زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔  پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کرکے پولیس سٹیشن لار میں کیس درج کرلیا ہے۔  

بارہمولہ کا لاپتہ نوجوان عسکریت میں شامل، تصویر سوشل میڈیا پر جاری

سرینگر/شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کا ایک لاپتہ نوجوان عسکریت پسندوں کی صف میں شامل ہوگیا ہے۔ عدنان احمد چنا ولد عملی محمد چنا ،ساکنہ آرمپورہ آزاد گنج ،بارہمولہ جس کی عمر محض20سال بتائی جارہی ہے، دو ماہ پہلے لاپتہ ہوا تھا۔ عدنان کی اے کے 47قسم کی بندوق لئے ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس سے اس بات کا عندیہ ملتا ہے کہ اُس نے عسکریت میں شمولیت اختیار کی ہے۔ تصویر پر درج تفصیلات کے مطابق عدنان نے لشکر طیبہ میں شمولیت اختیار کی ہے ۔ اگر تصویر اور اس کے پیغام کو صحیح مان لیا جائے تو عدنان بارہمولہ قصبے کا موجودہ وقت میں پہلا نوجوان ہے جس نے عسکریت میں شمولیت اختیار کی ہے۔واضح رہے کہ پولیس نے بارہمولہ قصبے کو رواں سال کے ماہ جنوری میں ''ملی ٹنٹ فری'' قرار دے رکھاتھا۔  

جنوبی کشمیر کے پلوامہ میں گرینیڈ دھماکہ،8عام شہری زخمی

سرینگر/جنوبی کشمیر کے پلوامہ قصبے میں منگل کو مشتبہ جنگجوئوں نے پولیس سٹیشن کی  طرف  ایک گرینیڈ پھینکا  جس کے پھٹنے سے آٹھ عام شہری زخمی ہوگئے۔ خبر رساں ایجنسی جی این ایس کے مطابق پولیس سٹیشن پلوامہ پر پھینکا گیا یہ گرینیڈ نشانہ چوک کر سڑک پر پھٹ پڑا جس کی آہنی ریزوں کی زد میں آکر آٹھ راہگیر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور مقامی اسپتال پہنچایا گیا جہاں سے دو شدید زخمیوں کو سرینگر منتقل کیا گیا۔ پولیس  نے  تاہم  ایک  بیان  جاری  کرتے  ہوئے  کہا  کہ  اس  دھماکے  میں  دو  عام  شہری  زخمی  ہوگئے  ہیں۔ دھماکے کے بعد فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشیاں شروع کی ہیں تاکہ گرینیڈ پھینکنے والوں کو پکڑا جاسکے۔  

پٹن میں بی ایس ایف اہلکار نے خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کردیا

سرینگر/شمالی کشمیر کے سنگھپورہ پٹن علاقے میں منگل کو ایک بارڈر سیکورٹی فورسز (بی ایس ایف) اہلکار نے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا۔  خبر رساں ایجنسی جی این ایس کے مطابق مذکورہ بی ایس ایف اہلکار کا تعلق 70ویں بٹالین سے تھا۔ گرواہ ،جھارکنڈ کے رہنے والے بی ایس ایف اہلکار کے ساتھیوں نے گولی چلنے کی آواز سنتے ہی اسے نزدیکی فوجی اسپتال پہنچایا جہاں اُسے مردہ قرار دیا گیا۔ یہ آج دن میں فورسز اہلکار کی خود کشی کا دوسرا واقعہ تھا۔ اس سے قبل صبح شمالی کشمیر کے کپوارہ ضلع میں ایک فوجی اہلکار نے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا    

پلوامہ کے تین لاپتہ نوجوانوں کی ہتھیار وں سے لیس تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

سرینگر/جنوبی ضلع پلوامہ کے تین لاپتہ نوجوانوں کی ہتھیاروں سمیت تصاویر منگل کوسوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں۔ مذکورہ تین نوجوانوں کی شناخت ناظم احمد ولد عبد الاحد ساکنہ ہکری پورہ، کاکا پورہ، پلوامہ، ارشاد احمد ولد محمد یوسف ساکنہ ترچھل پلوامہ اور رفیق احمد ولد عبد العزیز ساکنہ کرنابل، سامبورہ، پلوامہ کے طور ہوئی ہے۔ تصاویر میں موجود تفاصیل کے مطابق ناظم نے 17جون ،ارشاد نے یکم جون جبکہ رفیق نے بھی یکم جون سے عسکریت میں شمولیت اختیار کی ہے ۔ خبر رساں ایجنسی جی این ایس کے مطابق ناظم گذشتہ چار روز سے لاپتہ ہے جبکہ ارشاد اور رفیق گذشتہ ایک ماہ سے لاپتہ ہیں۔ تینوں نوجوانوں کے گھروالوں نے پولیس کے پاس گمشدگی کی شکایات درج کرائی ہیں۔ جی این ایس نے پولیس ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تصاویر کی جانچ کی جارہی ہے۔  

پائین شہر میں نوجوان کو پُر اسرار حالت میں مردہ پایا گیا

سرینگر/پائین شہر کے خواجہ بازار، خانیار علاقے میں منگل کو ایک نوجوان کو پُر اسرار حالت میں مُردہ پایا گیا۔ مذکورہ نوجوان کی شناخت 24سالہ ہارون رشید ولد عبد الرشید ساکنہ بژھ پورہ ،صورہ کے طور ہوئی ہے۔  خبر رساں ایجنسی جی این ایس کے مطابق ہارون کو خواجہ بازار میں ایک واش روم میںمردہ حالت میں پاکر پولیس کو مطلع کیا گیا۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لیکر تحقیقات کا آغاز کیا۔  

شمالی کشمیر میں فوجی اہلکار نے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا

سرینگر/شمالی کشمیر کے کپوارہ ضلع میں منگل کو ایک فوجی اہلکار نے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا۔ یہ واقعہ خبر رساں ایجنسی جی این ایس کے مطابق ضلع میں کنڈی علاقے کے سادھو گنگا میں پیش آیا۔ مذکورہ فوجی اہلکار کا تعلق فوج کی47آر آر سے تھا اور وہ سادھو گنگا میں ہی تعینا تھا جہاں آج صبح اُس نے اپنی ہی سروس رائفل سے اپنا خاتمہ کردیا۔ گولی چلتے ہی اس کے ساتھیوں نے اُسے خون میں لت پت پایا۔ اسے نزدیکی فوجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دیا۔  

اچھہ بل معرکے کی جگہ سے کالیج طالب علم کی لاش بر آمد

سرینگر/جنوبی کشمیر کے بدورا،اچھہ بل علاقے میں جہاں گذشتہ روز فورسز اور جنگجوئوں کے مابین دن بھر معرکہ آرائی ہوئی تھی،پر منگل کو ایک مقامی طالب علم کی گولیوں سے چھلنی لاش بر آمد ہوئی ہے۔ ایک جنگجو اور ایک فوجی آفیسر گذشتہ روز اسی مقام پر معرکہ آرائی کے دوران جاں بحق ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ اس معرکے کے نتیجے میں تین فوجی اہلکار بھی زخمی ہوئے تھے۔ مقامی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے خبر رساں ایجنسی جی این ایس نے لکھا ہے کہ 23سالہ نثار احمد میر ولد فیاض احمد میر ساکنہ چک اچھہ بل کی لاش آج صبح معرکے کی جگہ کی صفائی کے دوران بر آمد ہوگئی۔ پولیس نے فوری طور پر لاش کو تحویل میں لیکر اس کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ نثار گورنمنٹ ڈگری کالیج اننت ناگ میں فسٹ ایئر کا طالب علم تھا۔  

انجینئررشیداورشاہ فیصل کا چنائوی اتحاد، 'پیپلز یونائٹیڈ فرنٹ' کے قیام کا اعلان

سرینگر/عوامی اتحاد پارٹی کے چیئر مین انجینئر رشید اور جموں کشمیر پیپلز مؤمنٹ کے چیئر مین شاہ فیصل نے منگل کو اسمبلی انتخابات سے قبل اتحاد عمل میں لاتے ہوئے 'پیپلز یونائٹیڈ فرنٹ' نامی مشترکہ پلیٹ فارم کے قیام کا اعلان کیا۔ شاہ فیصل نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا''ہم نے ایک ایسے وقت ایک جُٹ ہونے کا فیصلہ کیا ہے جب پوری ریاست کو اس کی ضرورت ہے۔ ہم نے اپنے اتحاد کا نام' پیپلز یونائٹیڈ فرنٹ' رکھا ہے''۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ عوام کو مایوس نہیں کریں گے بلکہ اُنہیں ایک با اعتبار متبادل فراہم کریں گے۔ فیصل کا کہنا تھا کہ اُنہیں اُمید ہے کہ سبھی خطوں اور مذاہب کے لوگ اُن کے 'پیپلز یونائٹیڈ فرنٹ' کی حمایت کریں گے۔ انجینئر رشید نے اس موقع پر کہا کہ' پیپلز یونائٹیڈ فرنٹ' ریاست کے تینوں خطوں کے عوام کی امنگوں کی ترجمانی کرے گا۔