تازہ ترین

سوپور معرکہ میں جاں بحق جنگجو کا تعلق لشکر طیبہ سے تھا:پولیس

سرینگر/ شمالی کشمیر کے سوپور علاقے میں بدھ کو فورسز اور جنگجو ئوں کے درمیان معرکہ آرائی میں جو جنگجو جاں بحق ہوگیا اُس کی شناخت ہوگئی ہے۔ پولیس نے کہا کہ جاں بحق جنگجو عدنان علی ،ساکنہ آرمپورہ سوپورہے اور اُس کا تعلق لشکر طیبہ سے تھا۔ اس سے قبل معرکہ کی جگہ سے ایک جنگجو کی لاش اور اُس کا سلحہ بر آمدکیا گیا۔ واضح رہے کہ آ ج صبح فوج کی 21 راشٹریہ رائفلز اور سپیشل آپریشن گروپ کے اہلکاروں نے ایک مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد گنڈ براٹھ سوپور کو محاصرے میں لیکر تلاشی کاروائی شروع کی تھی۔  جوں ہی فورسز نے جنگجو ئوں کو ڈھونڈ نکالنے کے لئے تلاشی کاروائی شروع کی تو چھپے جنگجوئوں اور فورسز کے مابین گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔ علاقے میں انٹر نیٹ سروس معطل ہے اور حکام نے علاقے میں تعلیمی ادارے بھی دن بھر کیلئے بند کئے تھے۔  

سوپور میں تین منشیات فروش گرفتار ، نشہ آور ادویات ضبط :پولیس

سرینگر/پولیس نے سوپورمیں 3منشیات فروشوں کی گرفتاری عمل میں لاکر ان کے قبضے سے نشہ آور ادویات کی بوتلیں برآمد کرکے ضبط کی ہیں۔ بدھ کو جاری ایک بیان میں پولیس نے کہا کہ واڈورہ سوپور کے نزدیک پولیس نے ناکہ چیکنگ کے د وران تین افراد جن کی شناخت سبزار احمد ملیار ولد عبدالرحمن ملیار ساکنہ مٹن اننت ناگ ، مجیب احمد خان ولد بشیر احمد خان ساکنہ لازی بل اننت ناگ اور ایاز احمد بٹ ولد محمد امین بٹ ساکنہ سیر ہمدان کے بطور ہوئی ہے کو روک کر ان کی تلاشی لی جس دوران ان کے قبضے سے 42کوڈین بوتلیں اور نقدی 13ہزار ایک سو روپیہ کی رقم برآمد کرکے ضبط کی گئی۔  پولیس نے موقع پر ہی تینوں کو حراست میں لے کر ان کے خلاف ا یف آئی آر زیر نمبر 45/2019کے تحت پولیس اسٹیشن بومئی میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔ ناکہ پر مامور پولیس اہلکاروں نے ایک ٹویرا گاڑی کو بھی تحویل میں لے لیا ۔  

پلوامہ میں کوڑا جمع کرنے کیخلاف احتجاج کے دوران نوجوان پیلٹ لگنے سے زخمی

سرینگر/جنوبی ضلع پلوامہ میں بدھ کو ایک نوجوان اُس وقت زخمی ہوگیا جب پولیس نے کوڑا جمع کرنے کیخلاف احتجاج کرنے والوں کیخلاف پیلٹ فائر کئے۔ یہ واقعہ ضلع پلوامہ کے وہی بگ گائوں میں پیش آیا جہاں لوگ میونسپل کمیٹی پلوامہ کے اہلکاروں کی طرف سے کوڑا جمع کرنے کیخلاف احتجاج کررہے تھے ۔ اطلاعات کے مطابق کوڑا کرکٹ سے بھری ایک گاڑی کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں نے سنگبازی کررہے مظاہرین پر پیلٹ فائر کئے جس کے نتیجے میں ایک نوجوان بری طرح زخمی ہوگیا۔ زخمی نوجوان کو ضلع اسپتال پلوامہ پہنچایا گیا ہے۔  

سوپور معرکہ آرائی میں جنگجو جاں بحق، فورسز کا تلاشی آپریشن جاری

  سرینگر/ شمالی کشمیر کے سوپور علاقے میں بدھ کو فورسز اور جنگجو ئوں کے درمیان جومسلح جھڑپ شروع ہوئی تھی اس کے دوران ایک جنگجو جاں بحق ہوگیا ہے جبکہ فورسز کا تلاشی آپریشن جاری ہے۔ ایس ایس پی سوپور کا حوالہ دیتے ہوئے خبر رساں ایجنسی جی این ایس نے لکھا ہے کہ ایک جنگجو کی لاش اور اُس کا سلحہ بھی بر آمد ہوگیا ہے۔ انہوں نے تاہم کہا کہ فورسز کا تلاشی آپریشن جاری ہے۔ اس سے قبل آج صبح فوج کی 21 راشٹریہ رائفلز اور سپیشل آپریشن گروپ کے اہلکاروں نے ایک مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد گنڈ براٹھ سوپور کو محاصرے میں لیکر تلاشی کاروائی شروع کی تھی۔  جوں ہی فورسز نے جنگجو ئوںکو ڈھونڈ نکالنے کے لئے تلاشی کاروائی شروع کی تو چھپے جنگجوئوں اور فورسز کے مابین گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔ علاقے میں انٹر نیٹ سروس کو معطل کیا گیا ہے ۔ حکام نے علاقے میں تعلیمی ادارے بھی دن بھر کیلئے

کفایت رضوی ریڈ کراس سوسائٹی کی ریاستی برانچ کے اعزازی جنرل سیکریٹری تعینات

سرینگر/گورنر انتظامیہ نے بدھ کو کفایت حسین رضوی کو انڈین ریڈ کراس (آئی آر سی) جموں کشمیر برانچ کا اعزازی جنرل سیکریٹری تعینات کیا۔ کفایت رضوی کی تعیناتی تین برس کیلئے عمل میں لائی گئی ہے۔ کفایت رضوی لیبر اینڈ ایمپلائمنٹ محکمہ، جموں کشمیر میں بطور کمشنر سیکریٹری فائز رہے ہیں۔  

پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کو دھچکہ، سینئر لیڈر اور سابق وزیر خلیل بند مستعفی

سرینگر/پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے سینئر لیڈر، سابق وزیر اور ضلع پلوامہ کے صدر محمد خلیل بند ،بدھ کو پارٹی کی بنیادی رکنیت سے مستعفی ہوگئے۔ انہوں نے اپنے استعفیٰ میں لکھا ہے کہ پارٹی نے سابق وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید کی وفات کے بعد اصولوں سے انحراف کیا ہے اوراہم فیصلے لیتے وقت پارٹی نے سینئر ارکان کو اعتماد میں نہیں لیا ہے۔ خلیل بند ،پارٹی کے سینئر لیڈر، سابق وزیر اور ضلع پلوامہ کے صدر تھے اور انہوں نے پارٹی کیخلاف کئی الزامات عاید کرتے ہوئے استعفیٰ دیدیا ہے۔ خلیل کے اس اقدام کو پی ڈی پی کیلئے بڑا دھچکہ قرار دیا جارہا ہے۔  

بڈگام میں بد نام زمانہ منشیات فروش کے قبضے سے 18.5گرام ہیروئن برآمد:پولیس

 سرینگر/پولیس کی طرف سے بدھ کو جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ بڈگام پولیس نے "بد نام زمانہ" منشیات فروش کی گرفتاری عمل میں لا کر اس کے قبضے سے ممنوعہ نشیلی اشیابرآمد کرکے ضبط کی ہے۔ پولیس بیان کے مطابق مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس نے سبدن چوک بڈگام میں ناکہ چیکنگ کے دوران ایک ماروتی کار کو روک کر اس میں سوار بلال احمد بٹ ولد عبدالرحمن بٹ ساکنہ حیدر پورہ کی جامہ تلاشی لی جس دوران اس کے قبضے سے 18.5گرام ہیروئن برآمد ہوئی ۔ پولیس نے موقع پر ہی منشیات فروش کو حراست میں لے کر اس کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 219/2019کے تحت پولیس اسٹیشن بڈگام میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔  

پہلے پندرہ روز میں درشن کرنے والے یاتریوں کی تعداد کا چار سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

سرینگر/جاری امرناتھ یاترا کے دوران پہلے پندرواڑے کے دوران گپھا میں درشن کرنے والے یاتریوں کی تعداد کے سلسلے میں چار سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ حکام نے بدھ کو بتایا کہ پہلے پندرہ روز کے دوران دو لاکھ سے زیادہ یاتریوں نے امر ناتھ گپھا میں درشن کرلئے ہیں جو گذشتہ چار سال میں اس عرصہ کے دوران درشن کرنے والوں کی تعداد کا ایک ریکارڈ ہے۔ حکام نے کہا کہ گذشتہ روز4584یاتریوں نے گپھا میں درشن کرلئے جس کے بعد یکم جولائی سے شروع ہونے والی یاترا کے دوران اب تک 2,05.083یاتریوں نے درشن کرلئے اور پہلے پندرہ روز کے دوران درشن کرنے والوں کی یہ تعداد گذشتہ چار سال میں سب سے زیادہ ہے۔ دریں اثناء آج صبح مزید1,972یاتری جموں سے وادی کی طرف روانہ ہوگئے ہیں۔  

شمالی کشمیر کے سوپور میں فورسز اور جنگجو ئوں کے درمیان مسلح جھڑپ

سوپور/ شمالی کشمیر کے سوپور علاقے میں بدھ کی صبح فورسز اور جنگجو ئوں کے درمیان مسلح جھڑپ شروع ہوگئی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج کی 21 راشٹریہ رائفلز اور سپیشل آپریشن گروپ کے اہلکاروں نے ایک مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد گنڈ براٹھ سوپور کو محاصرے میں لیکر تلاشی کاروائی شروع کی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ جوں ہی فورسز نے جنگجو ئوں کو ڈھونڈ نکالنے کے لئے تلاشی کاروائی شروع کی تو چھپے جنگجوئوں اور فورسز کے مابین گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا جو آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھا ۔ علاقہ میں انٹر نیٹ سروس کو معطل کیا گیا ہے جبکہ حکام نے تعلیمی اداروں کو بھی دن بھر کیلئے بند کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔