تازہ ترین

سرینگر میں شراب سمیت ایک شخص گرفتار:پولیس

 سرینگر/پولیس نے بدھ کو اپنے ایک بیان میں بتایا کہ سرینگر پولیس نے ناکہ چیکنگ کے دوران غیر قانونی طور پر شراب کا کاروبار کرنے والے ایک شخص کو حراست میں لے کر اس کے قبضے سے شراب کی بوتلیں برآمد کرکے ضبط کیں۔ بیان کے مطابق ایس ایچ او، صورہ کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے مین چوک کے نزدیک ناکہ لگایا جس دوران مشتاق احمد شیخ ساکنہ کاچہامہ کرالہ پورہ کو روک کر اس کے قبضے سے شراب کی 21بوتلیں برآمد کرکے تحویل میں لے لی گئیں۔ پولیس نے معاملے کی نسبت ایف آئی آر زیر نمبر 48/2019کے تحت پولیس تھانہ صورہ میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔  

اوم برلا متفقہ طور 17ویں لوک سبھا کے اسپیکر منتخب

سرینگر/بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)کے رکن پارلیمنٹ اوم برلا بدھ کو اتفاق رائے سے 17 ویں لوک سبھا کے اسپیکر منتخب کئے گئے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ان کے نام کی تجویز پیش کی اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اس تجویز کی حمایت کی۔ اتفاق رائے سے اوم برلا کے لوک سبھا اسپیکر منتخب ہونے کے اعلان کے بعد وزیر اعظم مودی سمیت کئی اہم ممبران پارلیمنٹ اوم برلا کو لینے ان کی نشست تک گئے اور انہیں اسپیکر کی چیئر تک لائے۔ برلا راجستھان کے کوٹہ سے بی جے پی رکن پارلیمان ہیں۔کانگریس نے بھی اوم برلا کی امیدواری کی حمایت کی تھی۔اوم برلا کا سیاسی سفر دوہزار تین میں شروع ہوا ۔دوہزار چودہ میں انہوں نے پہلی بار لوک سبھا چنا ئولڑا اورکامیاب ہوئے۔دوہزارانیس میں بھی برلا نے شاندارجیت حاصل کی۔ برلا نے کانگریس کے رام نارائن مینا کوہرایا اور لگاتار دوسری بار رکن پارلیمنٹ بنے۔  اوم برلا کا سیاسی سفر س

سابق جموں وکشمیر بینک چیئر مین کی جائیدادوں پر انسداد رشوت ستانی بیورو کے چھاپے اور تلاشی

سرینگر/انسداد رشوت ستانی بیورو نے بدھ کو جموں کشمیر بینک کے سابق چیئر مین پرویز احمد کی جائیدادوں پر چھاپے مار کر تلاشیاں لیں۔ پرویز کو 8جون کے روز بینک کی سربراہی سے نکالا گیاتھا۔ ذرائع کے مطابق تلاشیاں تین پرائیویٹ مقامات پرلی گئیں جن میں اُن کارہاشی مکان بھی شامل ہے۔ انسداد رشوت ستانی بیورو کی ٹیم کے ساتھ مجسٹریٹ اور پولیس اہلکار بھی شامل تھے۔  

جنوبی ضلع شوپیان میں جنگجوئوں کے 5حمایتی گرفتار: پولیس

سرینگر/پولیس نے بدھ کو اپنے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ اُنہوں نے جنوبی ضلع شوپیان میں جنگجوئوں کے پانچ حمایتیوں کی گرفتاری عمل میں لائی جو فورسز کو دھماکہ خیز مواد کے ذریعے نشانہ بناے کا منصوبہ رکھتے تھے۔ پولیس نے گرفتار شدگان کی شناخت کرتے ہوئے کہا کہ ان میں عاقب نظیر راتھرساکنہ آونیرہ،عامر مجید وانی ساکنہ درپورہ،سمیر احمد بٹ ساکنہ شیرمال،فیصل فاروق آہنگر ساکنہ مولو چھتراگام اور رئیس احمد گنائی ساکنہ مولو ڈانگر پورہ  شامل ہیں۔ پولیس بیان میں مزید کہا گیا کہ گرفتار شدگان حزب المجاہدین سے وابستہ جنگجوئوں کے حمایتی ہیں جو فورسز کو دھماکہ خیز مواد کے ذریعے نشانہ بنانے کا منصوبہ رکھتے تھے۔ پولیس کے مطابق گرفتار شدگان کے انکشاف پر ایک بارودی سرنگ کو ضبط کیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں پولیس سٹیشن زینہ پورہ میں ایف آئی آر نمبر39/2019کیس درج کیا گیا ہے۔    

آرونی میں فورسز آپریشن کے دوران جھڑپیں،اننت ناگ میں انٹرنیٹ سروس معطل

سرینگر/جنوبی کشمیر میں بجبہاڑہ کے نزدیک واقع آرونی علاقے کو فورسز نے بدھ کے روز محاصرے میں لیکر آپریشن شروع کیا جس کے دوران وہاں مظاہرین سڑکوں پر آکر فورسز کے ساتھ متصادم ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق مظاہرین نے فورسز آپریشن ناکام بنانے کیلئے اہلکاروں پر سنگباری کی۔ حکام کے مطابق فورسز نے یہاں جنگجوئوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع کے بعد آپریشن شروع کر رکھا ہے۔ گو کہ آرونی ضلع کولگام کا حصہ ہے تاہم اننت ناگ کے نزدیک واقع ہونے کے پیش نظر حکام نے اننت ناگ ضلع میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی ہے۔  

دلی میں سکھ ڈرائیور کی مبینہ پٹائی کیخلاف جنوبی کشمیر کے ترال میں احتجاج

سرینگر/جنوبی کشمیر کے ترال میں بدھ کو دلی میں ایک کشمیری سکھ ڈرائیور کی مبینہ پٹائی کیخلاف احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق سکھ اور مسلم نوجوانوں نے بس اسٹینڈ ترال میںجمع ہوکر اس واقعہ کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔  مظاہرین نے سڑکوں پر ٹایئر جلائے اور فورسز پر سنگباری کی۔    

جھیل ولر میں کشتی اُلٹی، ماں بیٹی کو بچایا گیا

سرینگر/شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع میں واقع جھیل وُلر میں بدھ کو زوریمنز نامی گائوں کے نزدیک کشتی اُلٹنے کے بعد ماں بیٹی کو ڈوبنے سے بچالیا گیا۔ حکام کے مطابق ماں بیٹی ایک کشتی پر سوار تھیں کہ نیوی کیمپ کے نزدیک اُن کی کشتی اُلٹ گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیوی اہلکاروں نے فوری طور متحرک ہوکر بچائو کارروائی عمل میں لائی اور ماں بیٹی کو ڈوبنے سے بچالیا۔ مقامی ذرائع نے ماں بیٹی کی شناخت رفیقہ بیگم اور اس کی بیٹی لالی کے طور کرتے ہوئے کہا کہ وہ جھیل ولر کے راستے سوپور جارہی تھیں جب اُن کی کشتی اُلٹ گئی۔  

گاندربل حادثے میں زخمی نوجوان دم توڑ بیٹھا،مہلوکین کی تعداد2

سرینگر/وہ نوجوان جو گذشتہ روز وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں ایک سڑک حادثے کے دوران بری طرح زخمی ہوا تھا، بدھ کوشیر کشمیر میڈیکل انسٹی چیوٹ، صورہ میں دم توڑ بیٹھا۔ اس طرح اس حادثے میں مرنے والوں کی تعداد دو ہوگئی ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز ضلع گاندربل کے لار علاقے میں ایک ٹرک نے ایک موٹر سائیکل،  جس  پر  دو  نوجوان  سوار  تھے، کو ٹکر ماری تھی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار عذیر احمد لون جاں بحق ہوا تھاجبکہ اس کا ساتھی اُصید یوسف ساکنہ ددرہامہ گاندربل کو زخمی حالت میں صورہ پہنچایا گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق اُصید آج صبح زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔  پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کرکے پولیس سٹیشن لار میں کیس درج کرلیا ہے۔  

بارہمولہ کا لاپتہ نوجوان عسکریت میں شامل، تصویر سوشل میڈیا پر جاری

سرینگر/شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کا ایک لاپتہ نوجوان عسکریت پسندوں کی صف میں شامل ہوگیا ہے۔ عدنان احمد چنا ولد عملی محمد چنا ،ساکنہ آرمپورہ آزاد گنج ،بارہمولہ جس کی عمر محض20سال بتائی جارہی ہے، دو ماہ پہلے لاپتہ ہوا تھا۔ عدنان کی اے کے 47قسم کی بندوق لئے ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس سے اس بات کا عندیہ ملتا ہے کہ اُس نے عسکریت میں شمولیت اختیار کی ہے۔ تصویر پر درج تفصیلات کے مطابق عدنان نے لشکر طیبہ میں شمولیت اختیار کی ہے ۔ اگر تصویر اور اس کے پیغام کو صحیح مان لیا جائے تو عدنان بارہمولہ قصبے کا موجودہ وقت میں پہلا نوجوان ہے جس نے عسکریت میں شمولیت اختیار کی ہے۔واضح رہے کہ پولیس نے بارہمولہ قصبے کو رواں سال کے ماہ جنوری میں ''ملی ٹنٹ فری'' قرار دے رکھاتھا۔