تازہ ترین

ریاسی میں بجلی گرنے سے چار لڑکیاں زخمی

سرینگر/ریاسی ضلع کے مہور علاقے میں چار لڑکیاں اُس وقت زخمی ہوگئیں جب اُن کے گائوں میں آسمانی بجلی گر ی۔ یہ واقعہ ٹکسن نامی گائوں میں گذشتہ رات دیر گئے پیش آیا۔ ذرائع کے مطابق زخمی لڑکیوں کو ضلع اسپتال مہور منتقل کیا گیا جہاں اُن کا علاج جاری ہے۔ اس واقعہ میں کچھ بھیڑ بکریاں بھی ہلاک ہوئیں۔  

کنٹرول لائن عبور کرنے والے پونچھ کے لڑکے کو پاکستان نے بھارتی حکام کے حوالے کیا

سرینگر/پونچھ ضلع سے تعلق رکھنے والے لڑکے، جس نے کم و بیش چھ ماہ پہلے بظاہر غلطی سے کنٹرول لائن عبور کی تھی، کو پاکستان نے جمعہ کو بھارتی حکام کے حوالے کیا۔ الیاس محمد ساکنہ جولس گائوں گذشتہ برس11دسمبر سے لاپتہ تھا۔ تاہم اس کے لاپتہ ہونے کے دو روز بعد الیاس کے بارے میں ایک ویڈیووائرل ہوئی تھی جس میں اُسے کنٹرول لائن کے نزدیک واقع پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے ایک گائوں میں دکھایا گیا تھا۔ ذرائع نے کہا کہ مذکورہ لڑکا آج کنٹرول لائن کراسنگ پوئینٹ سے گھر واپس آگیا۔ ایس ایس پی پونچھ رمیش انگرال نے کہا کہ لڑکے کو فوج نے پولیس کے حوالے کردیا ہے۔    

سرینگر کا نائب میئر شیخ عمران پیپلز کانفرنس میں شامل

سرینگر/سرینگر میونسپل کارپوریشن کا نائب میئر شیخ عمران جمعہ کو سجاد غنی لون کی قیادت والی پیپلز کانفرنس میں شامل ہوگیا۔ اس سلسلے میں اپنے ایک ٹویٹ میں میئرجنید متو نے نائب میئر شیخ عمران کا پیپلز کانفرنس میں استقبال کیا۔ انہوں نے لکھا کہ پیپلز کانفرنس سرینگر میونسپل کارپوریشن میں پہلے ہی اکثریتی جماعت تھی اور اب شیخ عمران کی شمولیت سرینگر کیلئے اچھی خبر ہے۔  

ڈائون ٹائون سرینگر میں پابندیاں، جامع مسجد نمازیوں کیلئے بند

سرینگر/حکام نے جمعہ کو ڈائون ٹائون سرینگر میں پابندیاں عاید کرتے ہوئے تاریخی جامع مسجد کو نمازیوں کیلئے بند کیا ہے۔ یہ اقدام علیحدگی پسندوں کی ہڑتال اور احتجاجی کال کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔ علیحدگی پسندوں کے وفاق مشترکہ مزاحمتی قیادت نے آج ہڑتال اور حالیہ ہلاکتوں کیخلاف احتجاج کی اپیل کر رکھی ہے۔  مقامی ذرائع کے مطابق پولیس اور فورسز کی بھاری تعداد ڈائون ٹائون سرینگر کے لوگوں کو اُن کے گھروں تک محدود رکھی ہوئی ہے اور نوہٹہ علاقے میں جامع مسجد کے ارد گرد تعیناتی سخت کردی گئی ہے اور کسی کو بھی وہاں کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔  

ہلاکتوں کیخلاف ہڑتال سے وادی کشمیر کے معمولات متاثر

سرینگر/وادی کشمیر میں جمعہ کو حالیہ ہلاکتوں کیخلاف مکمل ہڑتال سے روز مرہ کے معمولات متاثر ہوئے ہیں۔ ہڑتال کی اپیل علیحدگی پسندوں کے وفاق مشترکہ مزاحمتی قیادت نے دے رکھی ہے۔ شہر سرینگر اور وادی کے دیگر ضلع صدر مقامات و اہم قصبہ جات میں تمام دکان و کاروباری ادارے بند ہیں جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ بھی سڑکوں پر نہیں چل رہی ہے۔ حکام نے تمام حساس مقامات پر پولیس و فورسز اہلکاروں کی اضافی تعداد تعینات کر رکھی ہے۔  

کولگام ضلع کے گا ئوں کا فورسز محاصرہ اور تلاشی آپریشن

سرینگر/فورسز نے جمعہ کی صبح جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں ایک گائوں کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ حکام کے مطابق فورسز نے جنگجوئوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع کے بعد اوکے نامی گائوں میں آپریشن کا آغاز کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ محاصرے کے بعد گائوں میں گھر گھر تلاشی کا سلسلہ جاری ہے۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔