تازہ ترین

ریاسی میں سڑک حادثہ،2 پولیس افسران ہلاک

نوگام سرینگر میں ٹرک سے کنڈیکٹر کی لاش بر آمد

27 مارچ 2020 (00 : 01 AM)   
(      )

سرینگر //جموں کے ریاسی علاقے میںسڑک کے ایک المناک حادثے میں دو پولیس افسران لقمہ اجل بن گئے ۔ ادھر سرینگر کے نوگام علاقے میں ایک ٹرک سے مذکورہ گاڑی کے کنڈیکٹر کی لاش پُر اسرار حالت میں پائی گئی ۔ ریاسی کے سِمبل علاقے میں جمعرات کی صبح سڑک کاحادثہ اس وقت پیش آیا جب کار زیر نمبر JK02CG-0752 ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر گہری کھائی میں جاگری۔اس حادثے کے نتیجے میں کار میں سوار دو پولیس افسران سب انسپکٹر عبدالعزیز اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر مشتاق احمد  ساکنان ِبائلہ تحصیل منڈی ضلع پونچھ  شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ دونوں پولیس افسران کو اگرچہ شدید زخمی حالت میں نزدیکی اسپتال منتقل کر دیا گیاتاہم ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قر ار دیا ۔ یہ دونوں پولیس افسران کشمیر میں تعینات تھے اور وہ کشمیر کی طرف ہی جارہے تھے جب حادثے میں اُن کی موت واقع ہوگئی۔ ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر، ریاسی وسیم ہمدانی نے کشمیر عظمیٰ کے نمائندے زاہد ملک کو بتایا کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ضلع ہسپتال ریاسی منتقل کیاگیاجس کے بعد آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے انہیں لواحقین کے حوالے کیاگیا ۔ادھر سرینگر کے نوگام علاقے میں ایک ٹرک سے لاش بر آمد ہوئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ریلوے کالونی نوگام سرینگر کے نزدیک کھڑی ایک ٹرک میں موہن لال نامی ٹرک کنڈیکٹر کی لاش پُر اسرار حالت میں بر آمد ہوئی ۔ پولیس اسٹیشن نوگام میں اس معاملے کی نسبت ایک کیس درج کیا گیا ہے ۔ (سی این آئی )