تازہ ترین

عالمی کھیل فیڈریشنز کی اولمپک مؤخرکرنے کی حمایت

26 مارچ 2020 (00 : 01 AM)   
(      )

لوزان/کھیلوں کی مختلف تنظیموں اور ممالک نے کورونا وائرس وبائی امراض کی وجہ سے ٹوکیو اولمپک کھیلوں کو موخرکرنے کے فیصلے کی حمایت کی ہے ۔واضح رہے کہ بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) اور ٹوکیو 2020 کے آرگنائزنگ کمیٹی نے ایک دن قبل ہی ایک مشترکہ بیان میں اعلان کیا تھا کہ اولمپک کھیلوں کو 2021 تک ملتوی کردیا گیا ہے ۔عالمی تیر اندازی فیڈریشن نے ٹوکیو اولمپک کھیلوں کو موخرکرنے کے فیصلے کی حمایت کی ہے ۔ دنیا کی تیر اندازی کی گورننگ باڈی کے صدر ایگور ایرنر کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم توکیو 2020 اور بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کی جانب سے انسانیت کے لئے ایک غیر معمولی چیلینج کے پیش نظر اس موسم گرما کے کھیلوں میں تاخیر کرنے کے لئے دیئے گئے اخلاص اور جراتمندانہ فیصلے کی تعریف کرتے ہیں۔ بیان کے مطابق عالمی تیر اندازی فیڈریشن بعد میں ٹوکیو 2020 کی آرگنائزنگ کمیٹی ، آئی او سی اور انٹرنیشنل پیرا اولمپک کمیٹی سے کھیلوں کے کوالیفکیشن طریقہ کار پر بات چیت کرے گی۔بین الاقوامی جمناسٹکس فیڈریشن(ایف آئی جی ) نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ انٹرنیشنل جمناسٹکس فیڈریشن نے ٹوکیو میں ہونے والے اولمپک کھیلوں کو 2020 کے بعد منعقد کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے ۔اس فیصلے سے جمناسٹ کو اولمپک کھیلوں کی تیاریوں کو زیادہ اچھے طریقے سے کرنے کا موقع ملے گا۔ ایف آئی جی کے صدر موریناری وطنانبی نے منگل کے روز کہا کہ جمناسٹکس عالمی گورننگ باڈی ٹوکیو اولمپک کھیلوں کے التوا کی حمایت کرتی ہے ۔ ایف آئی جی نے اس التوا سے پیدا ہونے والے تمام مضمرات کا جائزہ لینے کے لئے وقت نکالنے کا وعدہ کیا ۔کھلاڑیوں کی دلچسپی اور حفاظت کو کسی بھی فیصلے میں اولین ترجیح دی جائے گی۔ مراکشی اولمپک کمیٹی نے بھی ٹوکیو 2020 اولمپک گیمز ملتوی کرنے کے فیصلے کی تعریف کی ہے ۔ کمیٹی نے ایک جراتمند اور ذمہ دار فیصلے کو کو ستائش کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی تمام شرکاء کی صحت کو محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ اولمپکس کی تیاری میں تمام کھلاڑیوں کے مابین مساوات کے اصول کو یقینی بنانے کے عزم کا واضح اظہار کرتی ہے ۔ مراکشی کمیٹی نے ان کھیلوں کی کامیابی کو یقینی بنانے سے متعلق نئے فیصلوں پر عمل درآمد اور ان کا احترام کرنے کے لئے آئی او سی اور ٹوکیو کی آرگنائزنگ کمیٹی کو اپنی بھرپور حمایت اور تعاون کی تصدیق کی۔سلووانیہ کی اولمپک کمیٹی (اوکے ایس) کے صدر بوگدان گابروک نے ٹوکیو میں 2020 سمر اولمپکس ملتوی کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ۔ گابروک نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس فیصلے سے عالمی کھیل تنظیموں میں سکون کا ماحول قائم ہوا ہے اور کھلاڑی ہی اس فیصلے سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھائیں گے۔