تازہ ترین

پولیس ملازمین بھی باری باری ڈیوٹی دینگے

غیر ضروری سفرسے اجتناب کرنے اور فائلیں بذریعہ ای میل بھیجنے کی ہدایت

22 مارچ 2020 (00 : 01 AM)   
(      )

سید امجد شاہ
جموں //سیول انتظامیہ کی طرف سے اپنے ملازمین کو باری باری دفترآنے کی ہدایت دیئے جانے کے بعد پولیس نے بھی ملازمین کو ایسی ہی ہدایت جاری کی ہے ۔ یہ اقدامات کورونا وائرس کے پیش نظر کئے جارہے ہیں ۔ پولیس ہیڈ کوارٹر سے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ایس جی ایم گیلانی کی طرف سے جاری ہدایات کے مطابق ’’جموں وکشمیر پولیس کے تمام یونٹ اور ونگ سربراہان سے کہاجاتاہے کہ وہ حکومت کی طرف سے دی گئی ہیلتھ ایڈوائزری پر عمل کویقینی بنائیں ‘‘۔انہوںنے کہاکہ تمام ملازمین کی ڈیوٹی کا ایک روسٹر مرتب کیاجائے اور ملازمین کی ڈیوٹی ہفتہ واری بنیاد پر باری باری رکھی جائے جبکہ وزیٹر پاس فوری طور پر معطل کردیئے جائیں ۔انہوںنے پولیس افسران و اہلکاروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور میٹنگیں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ لی جائیں ۔انہوںنے مزید کہاکہ فائلیں روانہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے مراسلے ای میل کے ذریعہ بھیجے جائیں ۔اے ڈی جی پی نے کہاکہ چیک پوائنٹ پر تعینات پولیس اہلکاروں کو احتیاطی آلات فراہم کئے جائیں اور اگر خود ہی قرنطینہ ہونے کیلئے جب بھی درخواست کی جائے تو چھٹی منظور کی جائے ۔انہوںنے کہاکہ ملازمین خود ہی اپنی صحت کا خیال رکھیں اور خاص طور پر حاملہ خواتین اور طبی امداد لے رہے ملازمین خصوصی دھیان دیں ۔ہدایت میں مزید کہاگیاہے کہ 15فروری کے بعد یا اس سے پہلے بیرون ملک کا سفرکرنے والے اہلکار وں کیلئے 14روزہ قرنطینہ لازمی ہے اور جن پولیس اہلکاروں کے رشتہ داروںنے بیرون ملک کا سفر کیاہوتووہ اس بارے میں رضاکارانہ طور پر متعلقہ افسران کو بتائیں ۔
 
 

کولگام میں شہری زخمی 

بندوق برداروں نے گولی ماری 

سرینگر //نامعلوم اسلحہ برداروں نے سنیچر شام دیر گئے جنوبی ضلع کولگام کے یاری پورہ علاقے میں ایک شہری کو گولی مار کر زخمی کر دیا ۔یہ واقعہ توری گام نامی گائوں میں پیش آیا جہاں نامعلوم بندوق برداروں نے وسیم احمد میر ولد محمد امین میر کو اپنے گھر کے قریب ہی ٹانگ میں گولی مار کر زخمی کر دیا ۔مذکورہ شہری کو ضلع ہسپتال کولگام پہنچایا گیا ہے جہاں آخری اطلاعات ملنے تک اس کا علاج جاری تھا ۔