تازہ ترین

لفٹینٹ گورنر کا جموں شہر اور ملحقہ علاقوں کا دورہ

پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائیزہ لیا ، جے ایم سی کو شہر میں صحت و صفائی میں تیزی لانے کی ہدایت

22 مارچ 2020 (00 : 01 AM)   
(      )

 جموں//لفٹینٹ گورنر گریش چندر مرمو نے  جموں شہر اور اس کے ملحقہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف جاری پروجیکٹوں کی موجودہ پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔لیفٹنٹ گورنر نے افسروں پر زور دیا کہ وہ آپسی تال میل کے ساتھ کام کرتے ہوئے کاموں میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں اور اُن کی تکمیل جلد سے جلد یقینی بنائیں ۔  ۔ لفٹینٹ گورنر نے جے ایم سی حکام سے کہا کہ وہ شہر میں صحت و صفائی کے عمل میں تیزی لائیں تا کہ کووڈ 19 کے خطرات شہر سے دور ہوں ۔ انہوں نے حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایڈوائیزریز کی عمل آوری یقینی بنانے پر بھی زور دیا ۔ دورے کے دوران لفٹینٹ گورنر نے جنرل بس سٹینڈ کا معائینہ کیا اور وہاں جدید کاری پروجیکٹ اور کثیر المنزلہ کار پارکنگ پر جاری کام کا جائیزہ لیا ۔ اس موقعہ پر انہیں بتایا گیا کہ یہ اہم پروجیکٹ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے عمل آوری ایجنسی کو ہدایت دی کہ وہ باقی ماندہ کام اگلے دس دنوں کے اندر مکمل کریں ۔ لفٹینٹ گورنر نے پنج تیرتھی میں کثیر المنزلہ پارکنگ کمپلیکس کی سائیٹ کا معائینہ کیا اس موقعہ پر انہیں بتایا گیا کہ متعلقہ پروجیکٹ کے ٹینڈرنگ کا عمل مکمل کیا گیا ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ اس پروجیکٹ پر جلد از جلد کام شروع کریں ۔ لفٹینٹ گورنر نے پیر کھو سے مہامایا ( مرحلہ اول ) جموں روپ وے پروجیکٹ اور باغ باہو سے مہامایا ( مرحلہ دوم ) کی سائیٹس کا بھی معائینہ کیا ۔ دریں اثنا لفٹینٹ گورنر نے جموں سیمی رنگ روڈ پروجیکٹ اور جموں اکھنور سڑک کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور جاری کام کا جائیزہ لیا ۔ این ایچ اے آئی افسران نے لفٹینٹ گورنر کو اہم سڑک پروجیکٹوں کی موجودہ پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی ۔ جموں اکھنور سڑک کو کشادہ کرنے کے پروجیکٹ کے بارے میں این ایچ اے آئی افسران نے لفٹینٹ گورنر کوپیکیج 2 اور 3 سے متعلق مکمل کئے گئے کام کے بارے میں جانکاری دی ۔ لفٹینٹ گورنر نے عمل آوری ایجنسیوں سے کہا کہ وہ ان تمام کاموں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے ان پروجیکٹوں پر لگاتار نگرانی قائم رکھنے اور زمینی سطح پر بہتر نتایج حاصل کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ دریں اثنا لفٹینٹ گورنر نے رنبیر کنال سے کیچڑ نکالنے کے عمل کا بھی جائیزہ لیا ۔ انہوں نے کام کی سُست رفتاری پر اپنی غیر اطمینانی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ کیچڑ نکالنے اور مرمت کے کام میں سرعت لائیں تا کہ اس نہر سے جلد از جلد آبپاشی کے مقاصد کیلئے پانی چھوڑا جا سکے ۔ لفٹینٹ گورنر نے میونسپل کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ رنبیر کنال کے ساتھ ساتھ کوڑا دانوں کو نصب کرنے کو یقینی بنائیں اور نہرمیں کوڑا کرکٹ پھینکنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائیں ۔ صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما ، ڈپٹی کمشنر جموں سشما چوہان ، کمشنر جے ایم سی اولین لواسہ ، وائس چئیر پرسن جے ڈی اے ببیلہ رکوال ، منیجنگ ڈائریکٹر جے اینڈ کے کیبل کار کارپوریشن مجید خلیل احمد درابو ، چیف انجینئر آبپاشی و فلڈ کنٹرول اشوک شرما ، این ایچ اے آئی کے نمائندوں اور اعلیٰ افسران لفٹینٹ گورنر کے ہمراہ تھے