تازہ ترین

بٹوٹ میں المناک سڑک حادثہ | کرین الٹنے سے راہ چلتی 2لڑکیاں لقمہ اجل

3 اگست 2019 (00 : 12 AM)   
(      )

محمد تسکین
بانہال// جموں ۔سرینگر شاہراہ پر بٹوٹ کے نزدیک ڈھلواس علاقے میں جمعہ کی شام پیش آئے سڑک کے ایک دلدوز حادثے میں دو لڑکیاں اس وقت لقمہ اجل بنیں جب شاہراہ سے گذرتا ایک کرین ان پر آگرا۔ ایک لڑکی نے موقع پر ہی دم توڑا جبکہ دوسری لڑکی زخموں کی تاب نہ لاکر ضلع ہسپتال رامبن میں جل بسی۔ یہ واقع جمعہ کی شام تقریباً سوا سات بجے پیش آیا۔ پولیس ذرائع نے اکشمیر عظمی کو بتایا کہ ناشری سے رامبن کی طرف ایک ہائیڈرالک کرین نمبر JK-02BT/7901 جسے تیز رفتاری اور لاپرواہی کے ساتھ آپریٹر سنجیو کمار ولد ترکوک چند ساکنہ پٹھان کوٹ پنچاب چلا رہا تھا کہ شاہراہ پر واقع ڈھلواس کے نزدیک ساونی رابطہ سڑک ٹیک آف پوائنٹ پہنچا تو ڈرائیور اپنی رفتار پر قابو نہ رکھ سکا اور یہ کرین شاہراہ پر الٹ گیا جس کی وجہ سے وہاں کھیل رہی دو مقامی معصوم لڑکیاں اس کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگئیں۔ انہوں نے کہا کہ کرین کی زد میں آنے سے پانچ سالہ سنیتا دختر نریش کمار کی موت موقع پر ہی واقع ہوگئی جبکہ دوسری لڑکی دس سالہ لکھشمی دیوی دختر بٹو کمار ساکنان ڈھلواس بٹوٹ کو فوری طور ہر شدید زخمی حالت میں ضلع ہسپتال رامبن پہنچایا گیا لیکن وہاں پہنچاتے ہی زخمی لکشمی نے بھی دم توڑا اس طرح اس حادثے میں دونوں لڑکیوں کی موت واقع ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں بٹوٹ پولیس نے ایک کیس نمبر 66  زیر  دفعہ  304A/337/279 رنبیر پینل کوڈ کے تحت درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔اس واقع کی خبر ملتے ہی ڈھلواس کے علاقے میں صف ماتم بچھ گئی اور دو غریب گھرانوں سے تعلق رکھنے والی معصوم بچیوں کی المناک موت پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔