تازہ ترین

نیو بائی پاس میں شراب ضبط،لدھیانہ پنجاب کا شہری گرفتار

2 اگست 2019 (00 : 12 AM)   
(      )

نیو ڈسک
سرینگر//سرینگر پولیس نے ایک شخص کی گرفتاری عمل میں لا کر اُس کے قبضے سے غیر قانونی شراب کی ایک درجن بوتلیں برآمد کرکے ضبط کیں۔ نیو بائی پاس کے نزدیک پولیس نے ناکہ چیکنگ کے دوران سکوٹی زیر نمبر PB10EY-8726کو روک کر اُس پر سوار راجویر سنگھ ولد گرنام سنگھ ساکنہ پائل لدھیانہ پنجاب کے قبضے سے غیر قانونی شراب کی 12بوتلیں برآمد کیں۔ پولیس نے موقع پر ہی مذکورہ شخص کی گرفتاری عمل میں لا کر اُس کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 72/2019کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔عوامی حلقوں نے سماجی بدعات اور غیر قانونی طورپر شراب کا دھندہ کرنے والوں کے خلاف پولیس کی جانب سے چلائی جارہی مہم کی سراہنا کی اور اُمید ظاہر کی ہے کہ سماجی بدعات کا قلع قمع کرنے کی خاطر پولیس کی جانب سے چلائی جارہی مہم مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔ پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ شراب کا دھندہ کرنے والوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے کو مطلع کریں تاکہ اس بدعت کا قلع قمع کیا جاسکے۔پولیس نے واضح کیا ہے کہ مئے فروشی کے ناجائز دھندے میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔