تازہ ترین

منصوبوں کی باتیں سنتے ہیں مگر زمینی سطح پر کام کچھ نہیں ہوتا:رمن بھلہ

1 اگست 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

جموں //سابق وزیر و کانگریس لیڈر رمن بھلہ نے جلد سے جلد اسمبلی انتخابات کروانے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ صدارتی راج کے نفاذ کے دوران تینوں خطوں کے عوام کو مسائل کے حل کروانے میں سخت مشکلات کاسامناہے۔گاندھی نگر کی نئی بستی میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بھلہ نے کہاکہ اگر کانگریس کو کامیاب کروایاجائے تو ریاست میں امن و ترقی کی بحالی ہوگی ۔انہوںنے کہاکہ کانگریس نے تب بھی جموں کو نظرانداز نہیں رکھاجب وہ اقتدار سے باہر تھی ۔بھلہ نے کہاکہ کانگریس کی طر ف سے بھاجپا کو تفریقی سیاست کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ ان کاکہناتھا’’بی جے پی لوگوں کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کرناچاہتی ہے ،ریاست میں جتنی بھی تقسیم ہوگی اتنا زیادہ فائدہ بی جے پی کو ہوگالیکن ریاست کے لوگ سیاسی طور پر باشعور ہیں اور وہ بی جے پی کی کوششوں کوکامیاب نہیں ہونے دیں گے ‘‘۔انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت نے ریاست میں اسمبلی انتخابات کے حوالے سے غیر یقینی کی صورتحال پیدا کررکھی ہے اور اس سلسلے میں تذبذب برقرار ہے ۔انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت اور مرکز کو اس حوالے سے وضاحت کرنی چاہئے کیونکہ اگر لوک سبھا اور پنچایتی چنائو ہوسکتے ہیں تو پھر کیوں اسمبلی انتخابات کو تاخیر کاشکار بنایاجارہاہے ۔