تازہ ترین

سالانہ لیگ فٹبال ٹورنامنٹ:اے جی الیون بمقابلہ مہاراجہ سپورٹس

ٹی آر سی گرائونڈ میںفلڈ لائٹوں کے خراب ہونے سے میچ نامکمل رہا

1 اگست 2019 (00 : 12 AM)   
(      )

ارشاد احمد
سرینگر//جموں وکشمیر فٹبال ایسوسی ایشن کے اہتمام سے کھیلے جارہے سالانہ لیگ فٹبال ٹورنامنٹ کے سلسلے میں ٹی آر سی گرائونڈ میں  اے جی الیون اور مہاراجہ سپورٹس کے درمیان کھیلا گیا میچ فلڈ لائٹوں کے بند ہوجانے کی بنا پر روکنا پڑااور میچ مکمل نہیں ہوا جبکہ مقابلہ میں  اے جی الیون ایک گول سے آگے تھا۔ٹی آر سی میدان میں پہلا میچ فورٹ ویو فٹبال کلب اور جہانگیر سپورٹس فٹبال کلب کے درمیان کھیلا گیا۔میچ کے پہلے نصف حصہ کے 16 ویں منٹ میں جہانگیر سپورٹس نے اُس وقت برتری حاصل کی جب وجاہت نے پہلا گول کیا۔میچ کے31 ویں منٹ میں جہانگیر اسپورٹس فٹبال کلب کے کھلاڑی روف احمد نے براہ راست کارنر کِک سے ایک اور گول کرکے اپنی ٹیم کو دو گول سے سبقت دلادی ۔میچ کے پہلے حصے میں جہانگیر اسپورٹس دو گول سے آگے تھا۔ میچ کے دوسرے حصے میں فورٹ ویو فٹبال کلب نے ایک گول کرکے اگرچہ میچ میں واپسی کی کوشش کی تاہم جہانگیر سپورٹس فٹبال کلب کے کھلاڑی سمیر احمد نے تیسرا گول کرکے اپنی ٹیم ایک کے مقابلے میں تین گول سے برتری دلادی،جبکہ روف احمد اور وجاہت نے ایک ایک گول کرکے جہانگیر سپورٹس فٹبال کلب کو ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے میچ میں جیت دلادی۔دوسرا میچ پہلی مرتبہ فلڈ لائٹس کی چمچماتی ہوئی تیز روشنی میں اکونٹنٹ جنرل دفترالیون  (اے جی آفس)اور کشمیر مہاراجہ سپورٹس فٹبال کلب کے درمیان کھیلا گیا.دونوں ٹیموں کا تعارف میچ شروع ہونے سے پہلے شورٹو چیٹرجی (اکونٹنٹ جنرل) سے کرایا گیا جو مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کئے گئے تھے.میچ شروع ہوتے ہی دونوں ٹیموں نے جارحانہ انداز سے اپنا اپنا کھیل پیش کیا.دونوں ٹیموں کا ٹھوس دفاع تھا اور فارورڑ کو کمزور کرنے کا کوئی موقع نہیں ملا.میچ کا پہلا حصہ بغیر گول کے رہا.میچ کا دوسرا حصہ ایک بار پھر ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کی کوشش سے شروع ہوا۔مہاراجہ سپورٹس نے اپنی طرف سے غلبہ حاصل کرنے کی کوشش کی تاہم اے جی الیون کے ٹھوس دفاع نے ان کے حملوں کو پسپا کردیا.اے جی الیون کے کھلاڑی امن جوت سنگھ نے اپنی ٹیم کو گول کرکے سبقت دلادی.اگرچہ شایقین نے فلڈ لائٹس میں کھیلے جارہئے میچ سے بھر پور لطف اٹھایا تاہم اس وقت میچ کو روکنا پڑا جب تیکنیکی خرابی کی وجہ سے فلڈ لائٹس بند ہوئی اس موقع پر میچ مکمل نہیں ہوسکا،میچ میں اے جی الیون ایک گول سے آگے تھا ۔ ٹورنامنٹ میں پولو گراونڈ میں تین میچ کھیلے گئے جس میں پہلا میچ ویلی فٹبال کلب اور شنگلی پورہ فٹبال کلب کے درمیان کھیلا گیا جس میں ویلی فٹبال کلب نے روایتی اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شنگلی پورہ فٹبال کلب کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔دوسرا میچ بسمہ اللہ فٹبال کلب اور زاہد فٹبال کلب کے درمیان کھیلا گیا جس میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک گول کرکے میچ برابری پر ختم کیا۔تیسرا میچ ینگ محمڈن فٹبال کلب اور رائل سپورٹس فٹبال کلب کے درمیان کھیلا گیا اس میچ میں رائل سپورٹس فٹبال کلب نے ینگ محمڈن فٹبال کلب کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دیکر میچ میں جیت درج کی۔