تازہ ترین

بجبہاڑہ میں مشتبہ جنگجوئوں کی فائرنگ

پی ڈی پی لیڈرکا ذاتی محافظ ہلاک، رائفل بھی اڑا لی

20 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

عارف بلوچ
اننت ناگ //مشتبہ جنگجوئوں نے بجبہاڑہ میں پی ڈی پی لیڈر سجاد مفتی کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار پر گولیاں چلاکر اسے ہلاک کردیا اور اسکی رائفل اُڑالی۔بعد میں مہلوک پولیس اہلکار کی یاد میں ڈسٹرکٹ پولیس لائنز اننت ناگ میں تقریب منعقد ہوئی جس میں انہیں خراج عقیدت ادا کیا گیا۔پولیس کے مطابق محبوبہ مفتی کا بھتیجاسجاد مفتی اور ان کے ذاتی محافظ آستان مسجد میں جمعہ کی نماز ادا کرنے کی غرض سے داخل ہوئے تھے۔اس دوران ایس پی او جونہی نماز ادا کرنے کے بعد مسجد سے باہر آرہا تھا تو بندوق برداروں نے اُن پر پے در پے کئی گولیاں چلائیں۔ پولیس اہلکار گولیاں لگنے کے نتیجے میں زمین پر گر گیا تاہم یہاں موجود لوگوں نے انہیں سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بجبہاڑہ منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔ پولیس  کے مطابق مارے گئے اہلکار کی شناخت کھرم سرہامہ اننت ناگ کے فاروق احمد میر کے بطور ہوئی۔ پولیس نے بتایا کہ فاروق احمد ریشی کی چھاتی میں کئی گولیاں لگیںتھیں جس کے نتیجے میں اُن کی موت واقع ہوئی۔پولیس نے بتایا کہ بندوق برداروں نے گولیاں چلانے کے بعد مارے گئے اہلکار کی سروس رائفل بھی اڑا لی اور فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔ حملے کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز کے اعلیٰ حکام نے جائے واردات کا دورہ کرتے ہوئے یہاں زمینی صورتحال کا جائزہ لیا۔ فورسز نے حملہ آوروں کی تلاش کیلئے ملحقہ علاقوں میں تلاشی کارورائیاں شروع کیں تاہم کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی تھی۔ادھر ضلع پولیس لائنزز اننت ناگ میں انہیں خراج عقیدت ادا کرنے کیلئے ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں انہیںفرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے پر خراج عقیدت ادا کیا گیا۔اس موقعہ پر ڈی آئی جی جنوبی کشمیر، ایس ایس پی اننت ناگ اور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔