بانہال میں محکمہ سائیل کنزرویشن کی شجر کاری مہم

19 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

عظمی رپورٹر
بانہال// ریاست کے گورنر ستیہ پال ملک کی طرف سے شروع کردہ گرین جموں وکشمیر پروگرام کے تحت ریاست جموں و کشمیر میں شجر کاری مہم زورو شور کے ساتھ جاری ہے جس کے تحت ضلع رام ضلع  کے کئی علاقوں میں ہزاروں پودے لگائے گئے ہیں اور مہم مزید رفتار کے ساتھ اپنی منزل کی طرف رواں دواں ہے۔اسی پروگرام کے تحت سوئیل کنزرویشن رینج بانہال کی جانب سے شجر کاری مہم کے تحت پرائمری سکول استان پورہ چکناڑواہ میں شجر کاری مہم کے تحت پودے لگائے گئے۔ شجر کاری کی اس مہم میں مقامی لوگوں اور پنچایتی نمائندوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔اس موقع پر متعلقہ محکمہ کے اہلکاروں نے جنگلات کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور لوگوں کو زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی تلقین کی تاکہ ہدف سے سرسبز جنگلات اور ہریالی پھیل جائے ۔ اس دوران مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ آرمی میجر بارہ راشٹریہ رائفلز،مقامی سرپنچ اور پنچوں نے شرکت کی۔اس موقع پر مقامی سرپنچ نادم فاروق اور نائب سرپنچ فرید احمد نے بھی شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں انسان اور دوسرے جانداروں کی نشونما کے لئے پیڑ پودے اہم کردار نبھا رہے ہیں اور خاص طور سے ہم اپنی ریاست کو ہمیشہ سرسبز اور شاداب دیکھنا چاہتے ہیں ، جس کے لئے عام لوگوں اور متعلقہ محکموں کو زیادہ زیادہ پیڑ پودے لگانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے علاقہ چکناڑواہ میں شجرکاری مہم چلانے کے لئے محکمہ سوئیل کنزرویشن کا شکریہ ادا کیا۔
 

تازہ ترین