تازہ ترین

جے کے ایس آر ٹی سی سرینگر سے جموں شبانہ سروس شروع کر رہی ہے

18 جولائی 2019 (28 : 07 PM)   
(      )

عظمیِ نیوز ڈیسک

                سر ی نگر/مسافروں کی راحت کے لئے جموں وکشمیر سٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے جموں سے سری نگر اور سری نگر سے جموں کے لئے 15 اگست  2019ء کے بعد شبانہ بس سروس شرو ع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایک سرکاری بیان کے مطابق یہ فیصلہ جمعرات کوپرنسپل سیکرٹری ٹرانسپورٹ محکمہ ڈاکٹر اصغر حسن سامون کی صدارت میں منعقدہ ایک میٹنگ میں لیا گیا جس میں جے کے ایس آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر ، آر ٹی او کشمیر، ایس ایس پی سر ی نگر ، ایس ایس پی ٹریفک سری نگر اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔

میٹنگ میں بتایا گیا کہ شبانہ سروس نہ ہونے کے نتیجے میں اس شاہراہ سفر کرنے والے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لہٰذا اس بات کی سخت ضرورت محسوس کی جارہی ہے کہ شاہراہ پر شبانہ بس سروس شروع کی جائے۔

ڈاکٹر سامون نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ مسافروں کی راحت کی خاطر شبانہ بس سروس کے لئے دو آرام دہ گاڑیوں کو مخصوص رکھیں تاکہ لوگ باآسانی اپنا سفر کر سکیں۔

ڈاکٹر سامون نے جے کے ایس آر ٹی سی کے عہدہ داروں کو ہدایت دی کہ وہ اس سروس کی شروعات کو تشہیر دینے کے ساتھ ساتھ لوگوں کی سہولیت کے لئے ہیلپ لائن نمبر قائم کریں۔