تازہ ترین

مزید خبرں

17 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

جموں ۔سرینگر شاہراہ پر تعمیراتی سرگرمیاں

رام بن کے لوگ برہم، غیر قانونی طریقہ اختیا رکرنیکا الزام 

ایم ایم پرویز 
رام بن //رام بن کے لوگوں نے شکایت کی ہے کہ انتظامیہ کی ناک تلے جموں سرینگر قومی شاہراہ پرغیر قانونی طور پر ہوٹل کمپلیکس کی تعمیر کاکام جاری ہے ۔رام بن ،چندر کوٹ اور ناشری کے لوگوں نے بتایاکہ پچھلے کچھ ماہ کے دوران جموں سرینگر شاہراہ کے کنارے ہوٹلوں، شاپنگ کمپلیکس اور ڈھابوں کاکام کیاجارہاہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ تعمیراتی سرگرمیا ں قواعد و ضوابط کے منافی ہیں اور انہیں اس لئے جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے کیونکہ یہ کام اثرورسوخ رکھنے والے لوگوں کی طرف سے کیاجارہاہے ۔انہوں نے کہاکہ تعمیراتی کام مکمل ہونے کے ساتھ ہی یہاں تجارتی سرگرمیاں شروع ہوجائیں گی اور کوئی پوچھنے والا نہیںہوگا۔ ان کاکہناتھاکہ ان غیر قانونی تعمیراتی سرگرمیوں پر روک لگائی جانی چاہئے اوراس حوالے سے انہوں نے متعدد مرتبہ حکام سے شکایت بھی کی لیکن اب تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی جو حیران کن ہے ۔انہوں نے کہاکہ سیاسی اثرورسوخ کے تحت یہ کام جاری و ساری ہیں اوران کی آواز پر کوئی دھیان ہی نہیں دیاجارہا۔
 
 
 

 شالیمارکشتواڑ میں قومی یکجہتی پر میٹنگ 

کشتواڑ// لوگوں میں آپسی روا داری کے جذبہ کو استحکام بخشنے کے لئے بھارتی فوج کی جانب سے ضلع کے سوندرعلاقہ میں قومی یکجہتی میٹنگ کا اہتمام کیا گیا ،جس کا مقصد ضلع میں امن و خوشحالی کو فروغ دینا تھا۔اس موقعہ پربتایاگیاکہ ہمارے ملک کا کشرت میں وحدت ایک خصوصیت ہے جس نے تمام مذاہب کو اکٹھا انسانیت کے رشتہ میں باندھ کر رکھا ہے۔اس تقریب سے مقامی لوگوں کو ایک دوسرے کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے اور اتحاد و بھائی چارے کا پیغام دینے کیلئے ایک عظیم پلیٹ فارم مہیا ہوا ہے۔اجلاس میں  40مقامی لوگوں نے شرکت کی۔مقامی لوگوں اور لیڈروں نے فوج کی اس پہل کی ستائش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ فوج کی اس پہل سے خطہ میں آپسی روا روادری کو فروغ حاصل ہوگا۔اس تقریب سے لوگوں کو روایتی بھائی چارہ اور مل جُل کر رہنے کی روایت برقرار رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔
 
 
 

رام بن میں مصوری مقابلہ 

رام بن//عوام میں تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنے اورطلاب میں پوشیدہ ٹیلنٹ نکھارنے میں فوج ہمیشہ سے ہی پیش پیش رہی ہے۔ان پہلوئوں کو مزید آگے لیجانے کیلئے آرمی کی جانب سے بٹو ،رام بن میں ایک مصوری کا مقابلہ منعقد کیا گیا۔مقابلہ کا مقصد طلاب کے حوصلہ کو فروغ دینا اور ان میں تقابلی جذبہ پیدا کرنا تھا ۔ مقابلہ میں جواں سال طلاب اور طالبات نے دلچسپی سے شرکت کی جس کے مقابلہ میں انہیں تخلیقی مقابلہ پید اہوگا۔مقابلے میں شرکت کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کرنے کے لئے انعامات دئے گئے۔اساتذہ اور طلاب نے فوج کے اس قدم کی ستائش کی ۔
 
 

بیروزگار نوجوانوں کے مسائل حل کرنے پرزور

کشتواڑ//کشتواڑ میں شیو سینا بالاصاحب ٹھاکرے کارکنان کے ایک وفد نے اے ایل سی کشتواڑ سے ملاقات کرکے بیروزگار نوجوانوں اور محنت کشوں کے مسائل اجاگر کئے ۔کارکنا ن نے کہاکہ مقامی بیروزگار نوجوانوں اور مزدوروں کو پاور پروجیکٹوں میں ملازمت دی جائے اورانہیں معقول اجرت فراہم کی جائے ۔اس دوران اے ایل سی نے تمام مطالبات سننے کے بعد وفد کو یقین دلایاکہ یہ معاملات اعلیٰ حکام کے ساتھ اٹھائے جائیں گے ۔
 
 
 

انڈر گریجویٹ اساتذہ کے مسائل کا حل 

رہبر تعلیم اساتذہ نے گورنر انتظامیہ کی سراہنا کی 

ایم ایم پرویز 
رام بن //جموں وکشمیر رہبر تعلیم ٹیچرز فورم کے ریاستی نائب صدر نے طویل عرصہ سے التوا میں پڑے ہوئے انڈر گریجویٹ ایس ایس اے اساتذہ کے مسائل کو حل کرنے پر ریاستی گورنر ستیہ پال ملک اور مشیر خورشید گنائی کی سراہنا کی ہے ۔ نائب صدر گل زبیر نے کہاکہ ان اساتذہ کی سروس سے جڑے معاملات کئی عرصہ سے التوا میں پڑے ہوئے تھے جن کو ریاستی انتظامیہ نے حل کرکے ایک اہم اقدام اٹھایاہے ۔انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے گورنر اوران کے مشیر نے فورم لیڈران کو یقین بھی دلایاتھا جس پر عمل کیاگیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ فورم اساتذہ کے مسائل کے حل کے تئیں عہد بند ہے اور دیگر معاملات بھی اسی طرح سے حل کروائے جائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ رہبر تعلیم اساتذہ کے دیگر مسائل بھی حل کئے جائیں ۔
 
 
 

ڈوڈہ میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ تیاریوں کا جائزہ لیاگیا

ڈوڈہ //ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ ڈاکٹر ساگر ڈی ڈوئیفوڈ کی طرف سے ایک میٹنگ منعقد کی گئی جس دوران ڈیزاسٹر مینجمنٹ تیاریوں کا جائزہ لیاگیا۔اس دوران ایس ڈی آر ایف یونٹ ڈوڈہ کے سٹور کا معائنہ بھی کیا۔ معائنے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مکمل طور پر تیاریوں کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ بچائو کارروائیوں کے دوران استعمال عمل میں لائی جانے والی تمام اشیاء بھی دستیاب رکھی جائیں ۔انہوں نے کہاکہ مشینری اور افرادی قو ت کو ہر وقت تیار رکھاجائے تاکہ کسی بھی طرح کے حالات سے نمٹاجاسکے ۔ موصوف نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ ایک علیحدہ ہاٹ لائن نمبر قائم کیاجائے جس کا انتظامیہ ، پولیس اور متعلقہ محکمہ کیلئے مشترکہ کنٹرول رہے گاتاکہ مشکل حالات میں آسانی سے رابطہ کیاجاسکے اور بہتر سے بہتر خدمات فراہم ہوں۔ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ آئندہ تین دنوں میں ایک علیحدہ میٹنگ منعقد کرکے مجوزہ ڈیزاسٹر پلان کا جائزہ لیاجائے گا۔