پونچھ میں پلاسٹک مخالف احتجاج

بس اسٹینڈ پر لفافے جلا کر عوام کو پلاسٹک استعمال نہ کرنے کا پیغام دیا گیا

12 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

حسین محتشم
پونچھ//پونچھ کے نوجوانوں نے ایک احتجاجی مظاہرہ بس اڈہ پونچھ میں منعقد کیا جہاں انھوں نے کئی کلو گرام پلاسٹک لفافے نذر آتش کر عوام کو بیدار کرنے کی کوشش کی ۔اس دوران بات کرتے ہوئے گردیپ سنگھ سراف اور رویندر بیٹا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ لاسٹک بیگس کا استعمال ترک کردیں۔انہوں نے کہا کیونکہ پلاسٹک بیگ آلودگی اور ماحول کی تباہی کاسبب بن رہا ہے اور سیوریج کا نظام بھی بری طرح متاثر ہورہا ہے اس لئے تمام عوام کا فرض بنتا ہے کہ وہ ماحول کا تحفظ کرنے کے لئے کھڑے ہو جائیں۔انہوں نے کہا کہ پولیتھن بیگ نہ صرف آبی  حیات بلکہ انسانی جانوں کے لیے بھی شدید ترین خطرہ ہے، کیونکہ یہ مائیکروپلاسٹک میں تبدیل ہوکر ماہی گیری کے ذریعے انسانی خوراک میں شامل ہورہا ہے۔ انہوں نے دکاندارو ں اور گھریلو صارفین متبادل کپڑے یا کاغذ کے بیگ استعمال کر نے کی اپیل کی۔انھوں نے ضلع انتظامیہ سے بھی پلاسٹک بیگ استعمال کرنے والوں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لانے کی اپیل کی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ مرکزی اور ریاستی سرکار کی جانب سے اگرچہ کمرشل مارکیٹ کے دکانداروں کو پلاسٹک بیگ میں سامان فروخت نہ کرنے اور مکینوں کوپلاسٹک بیگ ترک کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں اس کے باوجود ضلع پونچھ میں ان بیگوں کو استعمال کیا جا رہا ہے۔میونسپل کونسل کے افسران ہفتہ دو ہفتوں میں بازار کا دورہ کر کے دوکانداروں کو ہدایت کرتے ہیں اور جرمانہ بھی کرتے ہیں لیکن اس کا کوئی خاص اثر نہیں دیکھنے کو ملتا ۔

تازہ ترین